10 جون ، 2025
بھارتی ریاست مدھیہ پردیش میں ایک نئی نویلی دلہن پر ہنی مون کے دوران اپنے شوہر کو قتل کرواکے فرار ہونے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق ہنی مون کے دوران شوہر کے قتل کے الزام میں اس کی بیوی کو گرفتار کیا گیا ہے جب کہ بعض رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہےکہ خاتون نے خود اپنے آپ کو پولیس کے حوالے کیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق جوڑے کے والدین نے پولیس کو شکایت درج کروائی تھی اور دعویٰ کیا تھا کہ دُلہن کو یا تو قتل کردیا گیا ہے یا اغوا کرلیا گیا ہے جس کے بعد پولیس نے لڑکی کو تلاش کرنا شروع کیا۔
جوڑا شادی کے بعد ہنی مون پر شمال مشرقی ریاست میگھالیہ گیا تھا:
اب پولیس نے حال ہی میں دعویٰ کیا ہے کہ 25 سالہ سونم راگھوونشی نے 30 سالہ شوہر راجہ کے قتل کے لیے کرائے کے قاتل بھرتی کیے، جوڑا شادی کے بعد ہنی مون پر شمال مشرقی ریاست میگھالیہ گیا تھا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق جوڑے کی شادی 11 مئی کو اندور میں ہی ہوئی تھی، راجہ کے بھائی نے اپنے بیان میں بتایا ’ان کی شادی 4 ماہ قبل ہوئی تھی، یہ ایک ارینج میرج تھی، دونوں بہت خوش تھے اور شادی سے پہلے یا بعد میں ان کے بیچ کوئی لڑائی جھگڑا نہیں ہوا تھا‘۔
جوڑا 20 مئی کو میگھالیہ کے لیے روانہ ہو، ہنی مون کے چوتھے روز دونوں لاپتا ہوگئے، پولیس نے تلاش شروع کی اور 20 مئی کے ایک ہفتے بعد راجہ کی تشدد زدہ لاش ملی، اس کا گلا کاٹا گیا تھا جب کہ اس کا والٹ، سونے کی انگوٹھی اور چین لاپتا تھیں۔
میری بیٹی بے قصور ہے اور وہ یہ سب نہیں کر سکتی: والد کا بیان
لڑکی کے والد دیوی سنگھ نے بیٹی کے دفاع میں کہا کہ 'میری بیٹی بے قصور ہے اور وہ یہ سب نہیں کر سکتی'۔
دوسری جانب دُلہن سونم غائب تھی لیکن منگل کی صبح میگھالیہ پولیس کے ڈائریکٹر جنرل نے کہا کہ سونم نے اتر پردیش کے غازی پور ضلع میں خود کو پولیس کے حوالے کردیا ہے۔
پولیس کے مطابق3 دیگر مشتبہ افراد کو بھی رات گئے چھاپوں میں گرفتار کیا گیا، ان افراد کا تعلق راجہ اور سونم کی آبائی ریاست مدھیہ پردیش سے بتایا گیا ہے۔
سونم نے اپنے بوائے فرینڈ کے ساتھ مل کر راجہ کو قتل کرنے کا منصوبہ بنایا
انڈیا ٹوڈے کی رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ سونم نے شادی کے تین دن بعد اپنے بوائے فرینڈ کے ساتھ مل کر راجہ کو قتل کرنے کا پلان ترتیب دیا۔
ذرائع کے مطابق سونم نے اپنے پریمی راج کشواہا کے ساتھ چیٹ میں اسے بتایا کہ وہ اپنے شوہر کے ساتھ ازدواجی تعلق قائم نہیں کرسکتی اور نہ وہ اسے پسند ہے۔