11 جون ، 2025
ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا فائنل آج انگلینڈ کے تاریخی کرکٹ گراؤنڈ لارڈز پر شروع ہوگا جہاں آسٹریلیا اور جنوبی افریقا کی ٹیمیں مد مقابل آئیں گی۔
کرکٹ کے گھر لارڈز میں آ ج سے کھیل کا سب سے اہم مقابلہ شروع ہوگا۔
2 برس تک مختلف ٹیسٹ ممالک کے درمیان جاری رہنے والی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کی جنگ کا فیصلہ کن معرکہ دفاعی چیمپئن آسٹریلیا اور جنوبی افریقا کی ٹیموں کے درمیان ہوگا۔
پچھلے ایڈیشن میں اوول کرکٹ گراؤنڈ پر بھارت کو زیر کرنے والی آسٹریلوی ٹیم مسلسل2 مرتبہ فائنل جیت کر نئی تاریخ رقم کرسکتی ہے۔
دوسری جانب جنوبی افریقا کی ٹیم 20 برس سے زائد عرصہ گزرجانے کے باوجود ابھی تک آئی سی سی ایونٹ کے ٹائٹل کی تلاش میں ہے۔
ٹیبل پر پہلی پوزیشن پر رہنے والی جنوبی افریقی ٹیم نے 2 برس کے عرصے میں 12 میچز کھیلے، 8 جیتے، 3 ہارے اور ایک میچ ڈرا کیا۔
دوسری جانب آسٹریلیا نے 19 میچز کھیلے، 13 جیتے ، 4 ہارے اور 2 ڈرا کیے، وہ ٹیبل پر دوسرے نمبر پر رہی۔
اس مقابلے کیلئے دونوں ٹیموں کی پلیئنگ الیون کا اعلان بھی کر دیا گیا ہے۔