11 جون ، 2025
پاکستان کی صفِ اول کی اداکارہ صبا قمر نے عید کی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر نہ کرنے کی وجہ بتا دی۔
صبا قمر نے انسٹا اسٹوری پر اپنے ان مداحوں کے لیے ایک خصوصی پیغام شیئر کیا جو ان کی عید کی تصاویر دیکھنے کا انتظار کررہے تھے۔
اداکارہ نے لکھا کہ میں جانتی ہوں بہت سے مداح میری عید کی تصاویر دیکھنا چاہتے ہیں لیکن اس عید پر میں نے ایک بھی تصویر نہیں لی۔
صبا نے لکھا کہ میں نے اس عید پر نئے کپڑے بھی نہیں پہنے اور نہ ہی تیار ہوئی کیونکہ مجھے اس کی ضرورت محسوس نہیں ہوئی۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس عید پر میں بس آرام کرنا چاہتی تھی، اس لیے میں نے عید کے تین دن آرام کیا، اپنے سر میں تیل لگایا، اچھا کھانا کھایا اور خاموش رہ کر دل میں دعائیں مانگیں۔
صبا قمر نے مزید لکھا کہ میں پچھلے کچھ مہینوں سے لگاتار کام کر رہی تھی اور مسلسل سفر میں تھی اس لیے عید پر میرے دل نے تھوڑا بریک لینے کو کہا اور میں نے دل کی بات سنی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ کبھی کبھی ہم گھر صرف اپنے سکون کےلیے جاتے ہیں تو اس بار میں نے عید پر یہی کیا، گلیمر اور شور شرابے سے دور صرف اپنے لیے وقت نکالا، اب میں دوبارہ ایکشن میں آگئی ہوں اور میں وعدہ کرتی ہوں کہ جلد ہی آپ لوگوں کو اپنے بارے میں آگاہ کروں گی۔
صبا قمر نے اپنی انسٹا اسٹوری کے آخر میں ہمیشہ ساتھ دینے کےلیے اپنے مداحوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے انہیں بھی اپنی طرح ہمیشہ دل کی بات سننے کا مشورہ دیا۔