Time 12 جون ، 2025
کھیل

حکومت کی جانب سے انعامات کے اعلان کے باوجود آج تک کسی سے کوئی انعام نہیں ملا: باکسر عثمان وزیر

حکومت کی جانب سے انعامات کے اعلان کے باوجود آج تک کسی سے کوئی انعام نہیں ملا: باکسر عثمان وزیر
کھیلوں کے سب ہی شعبوں کو یکساں اہمیت دیں، سب پلیئرز کو یکساں اہمیت اور انعامات ملنے چاہئیں: باکسر کی گفتگو__فوٹو: اسکرین گریب

عالمی شہرت یافتہ پاکستانی باکسر  عثمان وزیر نے باکسنگ رنگ میں جیت کے بعد  انعامات کے اعلان سے متعلق انکشاف کیا ہے۔

عثمان وزیر نے حال ہی میں ’جیو پوڈکاسٹ‘ میں شرکت کی جس میں انہوں نے میزبان مبشر ہاشمی سے اپنے کیرئیر اور نجی زندگی کے بارے میں بات چیت کی۔

دوران گفتگو انہوں نے کہا کہ باکسنگ دنیا کا سب سے مشکل ترین اسپورٹس ہے، یہ کھیل لوگ زیادہ دیر کھیل نہیں پاتے، باکسنگ کے لیے آپ کو بہت کچھ چھوڑنا پڑتا ہے حتیٰ کہ آپ ابلا ہوا کھانا کھا کھا کر غذاؤں کا ذائقہ ہی بھول جاتے ہیں۔

باکسر نے بتایا کہ میں نے آج تک 16 پروفیشنل فائٹس کی ہیں جن میں سے 16 کی 16 جیتی ہیں جب کہ11 فائٹس میری ناک آؤٹ رہیں۔

عثمان وزیر نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ میں پاکستان کے اعلیٰ حکام سے کہنا چاہتا ہوں کہ کھیلوں کے سب ہی شعبوں کو یکساں اہمیت دیں، سب کھلاڑیوں کو یکساں اہمیت اور انعامات ملنے چاہئیں، اگر آپ ایک کھلاڑی کے لیے انعام کا اعلان کرتے ہیں تو سب پاکستان کے جھنڈے کے لیے کھیل رہے ہیں، سب کے لیے اعلان کریں اور انعام دیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے مختلف شہروں اور علاقوں کے کھلاڑیوں کے ساتھ ایک جیسا سلوک کرنا چاہیے تاکہ مزید کھلاڑی پیدا ہوں، سب کے ساتھ انصاف ہونا چاہیے۔

مبشر ہاشمی نے عثمان وزیر سے پہلی اور حال ہی میں بھارت کے خلاف جیت کے بعد ملنے والی رقم سے متعلق بھی سوال کیا جس کے جواب میں کھلاڑی نے بتایا مجھے کبھی بھی پیسے کمانے کا خیال نہیں آیا، میں نے جتنا بھی کمایا ہے میں اس کا حساب نہیں رکھتا، پیسہ آنے پر میں خود کو مزید بہتر بنانے کے لیے کوچز رکھ لیتا ہوں تاکہ میرا کھیل بہتر ہو۔

جیت پر انعامات کے اعلانات اور بعد ازاں ان کے ملنے سے متعلق سوال کے جواب میں عثمان وزیر نے کہا کہ انہیں آج تک کسی سے کوئی انعام نہیں ملا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ مجھ سے بھی بہتر باکسرز موجود ہیں مگر انہیں کوئی سامنے لانے والا نہیں ہے، میں حکومت سے کہنا چاہتا ہوں کہ ہر ایک صوبے میں کم از کم ایک باکسنگ اکیڈمی ہونی چاہیے۔

مزید خبریں :