Time 12 جون ، 2025
دلچسپ و عجیب

5 ویں منزل سے سیڑھیاں اترنے چڑھنے سے تنگ شخص نے اپنی لفٹ خود تیار کرکے نصب کر دی

5 ویں منزل سے سیڑھیاں اترنے چڑھنے سے تنگ شخص نے اپنی لفٹ خود تیار کرکے نصب کر دی
یہ وہ لفٹ ہے / فوٹو بشکریہ ساؤتھ چائنا مارننگ پوسٹ

ایک معمر شخص نے 5 ویں منزل پر واقع اپنے گھر سے آنے جانے کے لیے خود لفٹ تیار کی جسے وہ چند برسوں سے استعمال کر رہا ہے۔

جی ہاں واقعی چین کے صوبے لیاؤننگ کے علاقے Huludao سے تعلق رکھنے والے ایک شخص نے ایسا کیا، جسے رہائشی عمارت کے باسی آئرن مین بھی کہتے ہیں۔

وانگ نامی شخص نے یہ لفٹ خود نصب کی جس کا ڈیزائن کسی کیبل کار سے ملتا جلتا ہے۔

ایسا کرنے کی وجہ عمارت میں لفٹ نہ ہونے کی وجہ سے 5 ویں منزل سے سیڑھیاں اتر کر نیچے جانا اور پھر سیڑھیاں چڑھ کر اوپر جانا تھا۔

2020 میں اس کا صبر کا پیمانہ لبریز ہوگیا اور اس نے اپنی لفٹ خود لگانے کا فیصلہ کیا۔

وانگ نے ایک سال تک اس منصوبے پر کام کیا جس دوران آن لائن تحقیق کی اور 8 ہزار یوآن مالیت کا میٹریل خریدا۔

اس نے لفٹ کے پورے سسٹم کو خود ڈیزائن، ویلڈ اور اسمبل کیا۔

یہ چھوٹی سی لفٹ وانگ کے گھر کی کھڑکی سے نیچے گلی میں لیمپ پوسٹ تک آتی جاتی ہے۔

وانگ نے اکتوبر 2020 میں حکام کے پاس اس منفرد ایجاد کے پیٹنٹ کو بھی رجسٹر کرایا۔

وانگ نے ایک انٹرویو میں بتایا کہ 'میری لفٹ خاموشی سے کام کرتی ہے اور اس سے عمارت میں رہنے والے دیگر افراد کی زندگیاں متاثر نہیں ہوتیں'۔

اس کا دعویٰ تھا کہ لفٹ سے کسی کی زندگی کو کوئی خطرہ لاحق نہیں۔

دوسری جانب اب لفٹ کے وائرل ہونے کے بعد مقامی حکام اور رہائشی عمارت کی انتظامیہ نے وانگ کو اسے ہٹانے کا حکم دیا ہے۔

مزید خبریں :