12 جون ، 2025
بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست گجرات کے شہر احمد آباد کے ائیرپورٹ کے قریب ائیر انڈیا کا مسافر بردار طیارہ ڈاکٹروں کے ہاسٹل پر گر کر تباہ ہوا۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق حادثہ دوپہر ایک سے دو بجے کے درمیان پیش آیا، طالب علم بی جے میڈیکل کالج کے ہاسٹل میں دوپہر کےکھانے کی تیاری کر رہے تھےکہ اچانک مسافر بردار طیارہ ہاسٹل کی عمارت پر آگرا، اس دوران زور دار دھماکے بعد طیارے میں آگ لگ گئی۔
حادثے کے بعد سوشل میڈیا پر جاری تصاویر میں عمارت کی تباہی اور طیارے کا ملبہ دیکھا جاسکتا ہے۔
بھارتی میڈیا نے ہاسٹل میں موجود 5 طالب علموں کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔
پانچوں افراد ایم بی بی ایس کے طالب علم تھے، حادثے میں 50 کے قریب طلبا زخمی بھی ہوئے جنہیں فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا، زخمیوں میں کچھ کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے، ابتدائی اطلاعات کے مطابق ہاسٹل میں میڈیکل کے 60 کے قریب طالب علم موجود تھے۔