Time 13 جون ، 2025
پاکستان

یورپ جی ایس پی پلس جاری رکھے، بھارتی جارحیت روکے: بلاول بھٹو

یورپ جی ایس پی پلس جاری رکھے، بھارتی جارحیت روکے: بلاول بھٹو
بلاول بھٹو کی زیر قیادت پاکستانی وفد کی بیلجیم کی پارلیمنٹ کے اراکین سے ملاقات—فوٹو: پاکستان امن مشن

سابق وزیر خارجہ و چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ بھارت نے دہشت گردی کا بہانہ بنا کر پاکستان پر حملہ کیا، عالمی سطح پر سندھو، مسئلہ کشمیر اور دہشت گردی کا ایشو اٹھا رہے ہیں۔

بلاول بھٹو کی قیادت میں پاکستانی وفد نے بیلجیئم کی وزارت خارجہ کے حکام سے ملاقات کی ہے۔

میڈیا سے گفتگو میں بلاول بھٹو نے کہا کہ یو این میں دہشت گردی سے متعلق کمیٹیوں کی ذمہ داری پاکستان کو دینابڑی کامیابی ہے، پاکستان کو ٹیررستان کہنے والے بھارت کو یواین سے منہ توڑ جواب ملا۔ 

بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں پاکستانی وفد نے بیلجیئم فارن افیئر کمیٹی کی وائس چیئر کیٹلین ڈیپورٹر اور چیئر آف پاکستان بیلجیئم پارلیمنٹری فرینڈشپ گروپ فرانکیم بیلجینڈ سمیت بیلجیئم کی سینیٹ اور ایوان نمائندگان کے ممبران سے بھی ملاقات کی۔ 

وفد نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان، خطے میں آگے بڑھنے پائیدار قیام امن اور مسائل کے حل کیلئے جامع مذاکرات کا حامی ہے۔

پاکستان کا وفد یورپی پارلیمنٹ بھی گیا جہاں انٹرنیشنل ٹریڈ کمیٹی کے چیئر ممبر یورپی پارلیمنٹ برنڈ لانجے سے ملاقات کی۔ 

یورپ جی ایس پی پلس جاری رکھے، بھارتی جارحیت روکے: بلاول بھٹو
برسلز،بلاول بھٹو کی قیادت میں پاکستانی وفد کی انٹرنیشنل ٹریڈ کمیٹی کے چئیر ممبر یورپی پارلیمنٹ برنڈ لانجے سے ملاقات—فوٹو: پاکستان امن مشن

وفد نے یورپی یونین پر زور دیا کہ وہ پاکستان کو جی ایس پی پلس کے تحت ترجیحی تجارت جاری رکھے تاکہ یورپی ممالک کو پاکستان کی ٹیکسٹائل برآمدات فروغ پائیں۔ 

وفد نے برنڈ لینج کو جنگی جنون میں مبتلا بھارت کی جانب سے پاکستانی شہریوں کیخلاف کارروائی سے بھی آگاہ کیا۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہمیں توقع ہے کہ وہ بھارت پر اس ضمن میں زور دیں گےکہ وہ سندھ طاس معاہدہ کو معطل کرنے جیسے ماورائے قانون اقدامات سے اجتناب کرے۔

وفد نے مزید کہا کہ پاکستان امن کا خواہاں ہے اور کشمیر سمیت تمام مسائل کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کا حامی ہے۔

پاکستانی پارلیمانی وفد نے یورپین کمیشن میں کمشنر برائے بین الاقوامی شراکت داری کی کابینہ سربراہ، لوسی سیسٹاکووا اور کیبنٹ ایکسپرٹ برائے ایشیا نیٹیویڈاد لورینزو سے بھی ملاقات کی۔ 

وفد نے انہیں بھارت کے جارحانہ منفی رویے اور یکطرفہ غیر قانونی اقدامات کے باعث خطے میں امن و سلامتی کو درپیش شدید خطرات سے آگاہ کیا ۔

پاکستان وفد یورپ کے معروف تھنک ٹینک "ایگمونٹ " بھی گیا جہاں انسٹیٹیوٹ کے ڈائریکٹر جنرل ایمبیسڈر پال ڈی وٹ سمیت اہم شخصیات کو بتایا گیا کہ جنگ بندی کے باوجود بھارت پانی کو ہتھیار کے طورپر استعمال کررہا ہے۔ 

یورپ جی ایس پی پلس جاری رکھے، بھارتی جارحیت روکے: بلاول بھٹو
بلاول بھٹو کی قیادت میں پاکستانی وفد کی یورپ کے معروف تھنک ٹینک "ایگمونٹ "کو بریفنگ—فوٹو:  پاکستان امن مشن

بلاول بھٹو زرداری نے تھنک ٹینک کو قیام امن کے حوالے سے پاکستان کی ترجیحات سے بھی آگاہ کیا۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ امریکی فوج کے اعلیٰ حکام بھی دہشت گردی کے خلاف پاکستان کو غیر معمولی شراکت دار مانتے ہیں اور خود صدر ٹرمپ مسئلہ کشمیر حل کرنے کیلئے کردار ادا کرنےکو تیار ہیں۔ ایسے میں یورپی یونین کو بھی چاہیے کہ وہ مسئلہ کشمیر حل کرائے۔

مصدق ملک نے کہا کہ جو بھارت ہمیں دھمکی دےرہا ہے اس کا ایک تہائی پانی کہیں اور سے آتا ہے وہ سوچے کہ یہ روش چل پڑی تو بھارت کے ساتھ کیا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ہندوتوا کا بھوت پاکستان کو تو کیا نقصان پہنچائےگا،بھارت سوچے کہ ان کے اپنے لوگوں کے ساتھ کیا ہوگا۔ اسی لیے یورپی یونین سے کہا ہے کہ وہ بھارت کو وائلڈ ویسٹ کی سوچ سے باز رکھے۔

دورے کے بعد میڈیا سے گفتگو میں امریکا میں پاکستان کے سابق سفیر جلیل عباس جیلانی نے توقع ظاہر کی کہ یورپی یونین جی ایسی پلس کو جاری رکھنے میں اہم کردارا ادا کرے گا۔

مزید خبریں :