13 جون ، 2025
احمد آباد: حادثے کا شکار ائیر انڈیا کی پرواز کا بدقسمت مسافر اہلیہ اور 3 بچوں کے ساتھ لقمہ اجل بن گیا۔
بھارتی شہر احمد آباد میں سرکاری ائیرلائن ائیر انڈیا کا مسافر طیارہ گر کر تباہ ہوگیا جس میں سوار 241 مسافر ہلاک ہوگئے جبکہ ایک مسافر معجزانہ طور پر محفوظ رہا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق طیارے میں عملےکے 12 ارکان سمیت 242 مسافر سوار تھے، حادثےکا شکار طیارے میں گجرات کے سابق وزیراعلیٰ روپانی بھی سوار تھے۔
بھارتی میڈیا کا بتانا ہےکہ حادثےکا شکار طیارے میں 169 بھارتی شہری، 53 برطانوی، ایک کینیڈین اور 7 پرتگالی شہریوں سمیت 11 بچے بھی موجود تھے۔
حادثے میں ہلاک ہونے والوں میں سافٹ ویئر انجینیئر پرتیک جوشی بھی تھا جو اپنی ڈاکٹر بیوی اور 3 بچوں کے ساتھ لندن جارہا تھا۔
رپورٹ کے مطابق پریتک جوشی گزشتہ 6 سال سے لندن میں سافٹ ویئر انجینئر کی نوکری کر رہے تھے۔ وہ اپنی بیوی اور 3 بچوں کو بھی اپنے ساتھ لندن لے جانے کیلئے احمد آباد آئے تھے۔
ان کی اہلیہ ڈاکٹر کومی ویاس نے اپنی نوکری چھوڑی اور مستقبل کے لیے برطانیہ منتقل ہو رہے تھے۔
پرتیک جوش نے طیارے میں بیٹھ کربیوی بچوں کے ہمراہ ایک تصویر بھی لی اور اپنے رشتہ داروں کو بھیجی۔ بدقسمتی سے یہ تصویر ان کی آخری تصویر ثابت ہوئی۔