13 جون ، 2025
اے ایف سی ویمن ایشین کپ کوالیفائرز سے قبل پاکستان ویمن ٹیم کو مضبوط کرنے کے لیے پاکستان فٹبال فیڈریشن نے بیرون ملک مقیم مزید 6 خواتین فٹبالرز کو قومی کیمپ میں شامل کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
پاکستان فٹبال فیڈریشن کے ذرائع نے بتایا کہ اے ایف سی ویمن کوالیفائر کے لیے پاکستان فٹبال ٹیم کے پلیئرز کی عبوری فہرست تیار کرلی گئی ہے جس میں لیلیٰ بنارس، اقصیٰ مشتاق، مریم محمود، عزوا چوہدری، مارشا ملک اور زیانا جیوراج شامل ہیں، یہ پلیئرز پہلی بار پاکستان ویمن فٹبال اسکواڈ کا حصہ بنیں گی۔
برطانوی پاکستانی لیلیٰ بنارس برمنگھم سٹی سے کھیلتی ہیں جبکہ مریم محمود ویسٹ بروم کا حصہ ہیں، اقصیٰ مشتاق یونانی کلب او ایف آئی کی نمائندگی کرتی ہیں، کینیڈین نژاد گول کیپر زیانا جیوراج ناردرن کولاراڈو ویمن ٹیم کی نمائندگی کرتی ہیں اسی کے ساتھ ساتھ زیانا جیوراج پرتگال میں بھی ٹاپ ویمن لیگ کھیل چکی ہیں۔
مارشا ملک برطانیہ میں سولی ہلز مورز کا حصہ ہیں جبکہ عزوا چوہدری ویسٹ ہیم کی یوتھ ٹیم کا حصہ ہیں۔
ذرائع کے مطابق اے ایف سی ویمن ایشین کپ کوالیفائرز کیلیے پاکستان ویمن ٹیم کا کیمپ 19 جون سے اسلام آباد میں لگایا جائے گا۔
اے ایف سی ویمن ایشین کپ کوالیفائرز میں پاکستان 29 جون کو چائینیز تائپے، 2 جولائی کو انڈونیشیا اور 5 جولائی کو کرغزستان سے مقابلہ کرے گا۔