13 جون ، 2025
خیبرپختونخوا حکومت نے آئندہ مالی سال 2025-26 کے لیے 21 کھرب روپے سے زائد کا بجٹ پیش کردیا۔
صوبائی وزیر خزانہ آفتاب عالم نے خیبرپختونخوا اسمبلی میں آئندہ مالی سال 2025-26 کا بجٹ پیش کیا۔ بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 10 فیصد اور پنشن میں 7 فیصد اضافے کی تجویز دی گئی ہے جبکہ کم از کم اجرت 40 ہزار روپے مقرر کرنے کی سفارش کی گئی۔
بجٹ میں سالانہ ترقیاتی پروگرام کا حجم 547 ارب روپے رکھاگیا ہے جبکہ ضم شدہ اضلاع کے لیے 160 ارب روپے جاری اخراجات کی مد میں رکھے گئے۔
وزیر خزانہ کے مطابق کہ صحت کا بجٹ 276 ارب روپے، اعلیٰ تعلیم کا بجٹ 50 ارب روپے اور جامعات کا بجٹ 10 ارب روپے رکھنے کی تجویز ہے۔
خیبر پختونخوا بجٹ میں پولیس کے لیے 158 ارب اور مواصلات کے لیے 123 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ وزیر خزانہ نے پولیس کی قربانیوں کو سراہتے ہوئے شہدا پیکج میں اضافہ کرنے کا بھی اعلان کیا۔