13 جون ، 2025
پاکستان نے اسرائیل کے حملے پر ایرانی حکومت اورعوام سے مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔
وزیرخارجہ اسحاق ڈار کی ایرانی وزیرخارجہ عباس عراقچی سے ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے۔ دفتر خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار نے ایران پر اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت کی اور اقوام متحدہ چارٹر اور عالمی قوانین کی خلاف ورزی پر تشویش کا اظہار کیا۔
دفترخارجہ نے بتایاکہ پاکستان نے ایران کی حکومت اورعوام سے مکمل یکجہتی کا اظہارکیا اورعلاقائی امن واستحکام کیلئے ایران کی کوششوں کی مکمل حمایت جاری رکھنے کا اعادہ کیا۔
دفترخارجہ کے مطابق اسحاق ڈارنے اسرائیلی حملوں میں قیمتی جانوں کے ضیاع پردلی افسوس کا اظہار کیا۔
خیال رہے کہ رات گئے اسرائیل نے ایران پرحملہ کیا اور ان حملوں میں ایران کی مسلح افواج کے سربراہ جنرل محمد باقری، پاسدارانِ انقلاب کے سربراہ میجر جنرل حسین سلامی اور ایرو اسپیس کے سربراہ امیر علی حاجی زادہ سمیت 20 سینیئر فوجی کمانڈر شہید ہوگئے۔
حملوں میں 5 جوہری سائنس دان بھی شہید ہوئے، اسرائیلی حملوں میں ایران کے بیلسٹک میزائل سسٹم اور جوہری تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا، اسرائیلی حملوں میں 78 افراد جاں بحق اور تین سو سے زائد زخمی ہوئے۔