14 جون ، 2025
اسلام آباد: وزیر دفاع خواجہ آصف نے بھارتی پائلٹ ابھی نندن کی واپسی کو پاکستان کا سرنڈر قرار دیدیا۔
قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ 2019 میں ابھی نندن کو بھارت واپس بھیجنا پاکستان کا سرینڈر تھا۔
انہوں نے کہا کہ سابق آرمی چیف جنرل باجوہ نے اس وقت کے وزیراعظم سے مل کر سرنڈر کرنے کا فیصلہ کیا اور ابھی نندن کو 24 گھنٹے میں واپس بھیج کر پاک فضائیہ کی فتح کو شکست میں بدلا، ابھی نندن کو واپس بھیجنے کے سرنڈر پر اس وقت بھی شرمندہ تھے، آج بھی شرمندہ ہیں۔
اسرائیل کے معاملے پر وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ اسرائیل کے ہاتھ فلسطینیوں اور مسلمانوں کے خون میں رنگے ہیں، اس ہاتھ کو جھٹک دینا چاہیے اور اس کے ساتھ ہاتھ نہیں ملانا چاہیے، پاکستان پہلے دن سے اپنے مؤقف پر کھڑا ہے، ہم نے اسرائیل کے ساتھ کوئی تعلقات نہیں بنائے، پچھلے دنوں کچھ پاکستانی نژاد لوگ اسرائیل گئے ان کو کس نے اسپانسر کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم ایران کے ساتھ ہیں اور ہم بین الاقوامی فورم پر ان کی مدد کریں گے۔
واضح رہےکہ 27 فروری 2019 کی صبح پاک فضائیہ نے بھارت کے خلاف آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ کیا جس دوران پاکستان حدود میں گرنے والے طیارے کے پائلٹ کو پاکستان نے حراست میں لیا جس کا نام ونگ کمانڈر ابھی نندن تھا، اسے ازاں پروقار طریقے سے واہگہ بارڈر کے ذریعے بھارتی حکام کے حوالے کردیا گیا۔