Time 14 جون ، 2025
کھیل

جنوبی افریقا آسٹریلیا کو شکست دیکر ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن بن گیا

جنوبی افریقا آسٹریلیا کو شکست دیکر ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن بن گیا
ورلڈ ٹیسٹ چیمئن شپ کے فائنل میں جنوبی افریقا نے آسٹریلیا کو5 وکٹ سے شکست دی— فوٹو:فائل

آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن کا ٹائٹل جنوبی افریقہ نے جیت لیا۔ 

لارڈز  میں کھیلے گئے فائنل کے چوتھے روز جنوبی افریقا نے 213 رنز دو کھلاڑی آؤٹ سے اننگز آگے بڑھائی تو اُسے تاریخی کامیابی کے لیے مزید 69 رنز کی ضرورت تھی۔ ایک رن کے اضافے پر ہی کپتان ٹیمبا باووما اپنی وکٹ گنوابیٹھے، اُنہوں نے 66 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جبکہ ایڈن مارکرم کے ساتھ تیسری وکٹ پر 147 رنز کی شراکت کے ذریعے ٹیم کو فتح کی راہ پر گامزن کیا۔

 اسٹبس بھی مارکرم کا پوری طرح ساتھ نہ دے سکے، وہ 241 کے مجموعی اسکور پر 8 رنز بنا سکے، ڈیوڈ بیڈنگھم اور مارکرم آہستہ آہستہ ٹیم کو کامیابی کی جانب لے جارہے تھے مگر فتح سے صرف 6 رنز کی دوری پر مارکرم  بھی آؤٹ ہوگئے، وہ 136 رنز بناکر پویلین لوٹے، اُنہوں نے 207 گیندوں کا سامنا کیا اور 14 چوکے لگائے۔

جیت کے لیے درکار بقیہ 6 رنز بیڈنگھم اور ورینی نے حاصل کرکے اپنی ٹیم کو 27 برس بعد آئی سی سی ایونٹ کا ٹائٹل جتوادیا۔

جنوبی افریقا نے 282 رنز کا ہدف پانچ وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا اور 5 وکٹوں سے آسٹریلیا کو شکست دی۔  بیڈنگھم 21 اور ورینی 4 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے ، شاندار اننگز کھیلنے پر مارکرم پلیئر آف دی میچ قرار پائے۔

یہ جنوبی افریقا کا آئی سی سی کا دوسرا ٹائٹل ہے۔ اس سے قبل اس نے 1998 میں آئی سی سی ون ڈے چیمپیئنز ٹرافی جیتی تھی ۔

مزید خبریں :