15 جون ، 2025
پاکستان کے مایہ ناز اداکار عمران عباس نے کراچی کے جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر لگی پینٹنگ پر دلچسپ تبصرہ کیا ہے۔
عمران عباس مختلف عوامی موضوعات پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے نظر آتے ہیں، حال ہی میں انہوں نے کراچی کے ائیرپورٹ پر لگی پینٹنگ پر کمنٹ کیا۔
اداکار نے پینٹنگ کو اپنی انسٹاگرام اسٹوری پر شیئر کیا، پینٹنگ میں آرٹسٹ نے رات کا منظر دکھایا ہے جس میں چاند کے ساتھ ساتھ پانی اور کچھ پودوں کو بھی دیکھا جاسکتا ہے، بظاہر یہ پینٹنگ سمندر کی لگ رہی ہے۔
تاہم اداکار کو یہ آرٹ ایک آنکھ نہ بھایا ، انہوں نے کہا 'جناح ٹرمینل پر آرٹ ورک، کسی چوتھی جماعت کے بچے کی ڈرائنگ کلاس کا اسائمنٹ بھی اس سے بہتر ہوگا'۔
اداکار نے مزید لکھا کہ 'کیا ہمارے پاس پاکستان میں اس سے بہتر فنکار نہیں ہیں؟ یا اس شاہکار کے ساتھ کوئی اور خاص چیز منسلک ہے جس کے بارے میں ہم نہیں جانتے؟'
واضح رہے اداکار عمران عباس نے ناصرف ڈرامہ بلکہ فلم انڈسٹری میں بھی اپنی اداکاری کے جوہر دکھا کر لوگوں کی توجہ حاصل کی ہے۔