Geo News
Geo News

Time 15 جون ، 2025
دنیا

غزہ میں امداد کی فراہمی کی قرارداد کے حق میں ووٹ نہ دینے کا مودی سرکار کا فیصلہ شرمناک ہے، پریانکا

غزہ میں امداد کی فراہمی کی قرارداد کے حق میں ووٹ نہ دینے کا مودی سرکار کا فیصلہ  شرمناک ہے، پریانکا
فوٹو: فائل

بھارتی اپوزیشن جماعت کانگریس کی رہنما اور اپوزیشن لیڈر راہول گاندھی کی بہن پریانکا گاندھی نے غزہ میں انسانی امداد کی فراہمی کی قرارداد کے حق میں ووٹ نہ دینے پر  حکومت کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔

پریانکا گاندھی نے ایک بیان  میں غزہ میں انسانی امداد کی فراہمی کی قرارداد کے حق میں ووٹ نہ دینے کے بھارتی حکومت کے فیصلے کو  شرمناک  قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ غزہ میں بچوں اور خواتین سمیت 60 ہزار  فلسطینیوں کے قتل کے بعد انسانی امداد کے حق میں ووٹ نہ دینا شرمناک ہے اور بھارتی حکومت کا فیصلہ اس ملک کی سامراج مخالف پالیسی سے انحراف ہے۔

ان کا کہناتھا کہ اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو  فلسطینی قوم کو صفحہ ہستی سے مٹارہا ہے اور  مودی سرکار  اس پر جشن منا رہی ہے۔

غزہ میں امداد کی فراہمی کی قرارداد کے حق میں ووٹ نہ دینے کا مودی سرکار کا فیصلہ  شرمناک ہے، پریانکا
— فوٹو: اسکرین گریب

پریانکا گاندھی نے مودی سرکار  پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بھارت اپنے اصولوں اور بین الاقوامی اقدار کے خلاف جاتے ہوئے اسرائیل کے ایران پر  حملے اور  عسکری قیادت کے قتل پر خوشی کا اظہار کر رہا ہے جو انتہائی مایوس کن ہے۔