Time 16 جون ، 2025
دلچسپ و عجیب

10 دن کی عمر میں ایک دوسرے سے جدا ہونیوالی بہنیں برسوں بعد کیسے اکٹھی ہوئیں؟

10 دن کی عمر میں ایک دوسرے سے جدا ہونیوالی بہنیں برسوں بعد کیسے اکٹھی ہوئیں؟
دونوں بہنیں اب 37 سال کی ہوچکی ہیں / فوٹو بشکریہ ساؤتھ چائنا مارننگ پوسٹ

چین میں بچپن میں ایک دوسرے سے جدا ہو جانے والی جڑواں بہنیں برسوں بعد ایک دوسرے سے ملنے میں کامیاب ہوئیں۔

مگر زیادہ دلچسپ بات یہ ہے کہ پہلے وہ ایک دوسرے کی بہترین دوست بنی تھیں اور پھر انہیں علم ہوا کہ وہ بہنیں ہیں۔

زینگ گاؤشین اور ہائی شیاؤ اس وقت ایک دوسرے سے جدا ہوگئی تھیں جب ان کی عمر محض 10 دن تھی۔

ان کے والدین بہت غریب تھے اور ان کی پرورش کا خرچہ اٹھانے کے قابل نہیں تھے تو 2 الگ الگ خاندانوں نے ان دونوں کو گود لے لیا۔

والدین نے دونوں خاندانوں کو کہا تھا کہ وہ ایک ہی شہر میں رہیں گے۔

چینی صوبے Hebei سے تعلق رکھنے والی یہ بہنیں ایک دوسرے سے الگ بڑی ہوئیں اور انہیں ایک دوسرے کا علم نہیں تھا۔

17 سال کی عمر میں ہائی شیاؤ کو اپنے اسکول کی ایک ساتھی سے علم ہوا کہ ایک کپڑے کی دکان میں کام کرنے والی لڑکی کی شکل بالکل اس کے جیسی ہے۔

ہائی شیاؤ نے اس دکان کا رخ کیا اور جب زینگ گاؤشین کو دیکھا تو فوری طور اس کی دوست بن گئی۔

دونوں کو بتدریج علم ہوا کہ ان کی تاریخ پیدائش یکساں ہے اور وہ 100 دن کی عمر میں لگ بھگ بیماری کے باعث موت کے منہ میں پہنچ گئی تھیں اور دونوں کی آواز، بالوں کا انداز اور پسندیدہ کھانے بھی ایک جیسے تھے۔

ہائی شیاؤ نے بتایا کہ ہم دونوں اچھے دوست بن گئے اور ایک دوسرے کے رازدار بن گئے۔

دونوں کو گود لینے والے خاندانوں کو علم تھا کہ یہ دونوں جڑواں بہنیں ہیں مگر انہوں نے اس حقیقت کو ان سے چھپا کر رکھا، کیونکہ انہیں ڈر تھا کہ اگر انہیں علم ہوا تو وہ دونوں انہیں چھوڑ کر اپنے اصل والدین کے پاس چلی جائیں گی۔

14 ماہ بعد ان خاندانوں نے دونوں کو بتایا کہ وہ درحقیقت جڑواں بہنیں ہیں۔

اب دونوں کو ایک دوسرے سے ملے 20 سال ہوچکے ہیں اور مزید دلچسپ اتفاق یہ ہے کہ دونوں نے ایک دوسرے کے قریب فلیٹس خریدے حالانکہ انہوں نے آپس میں مشورہ بھی نہیں کیا تھا۔

دونوں کے بچوں کی عمریں بھی 13 سال ہے اور وہ ایک ہی کلاس میں پڑھ رہے ہیں۔

ہائی شیاؤ نے بتایا کہ ہمارے بچے بھی ایک دوسرے سے ملتے جلتے ہیں اور چونکہ ہم دونوں بہنوں کی شکلیں ایک جیسی ہیں تو کئی بار ہم میں سے ایک ہی اسکول جاکر ٹیچرز سے مل لیتی ہے اور انہیں علم بھی نہیں ہوتا۔

انہوں نے ایک دوسرے سے ملنے کے بعد بھی اپنے اصل خاندان کو ڈھونڈنے کی کوشش نہیں کی تھی۔

ایک دوسرے سے ملنے کے 20 سال مکمل ہونے پر انہوں نے ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں لکھا کہ 'گزشتہ 2 دہائیوں کا ہر دن خوشیوں سے بھرا ہوا تھا'۔

اس سوشل میڈیا پوسٹ سے دونوں بہنوں کے بچھڑنے اور ملنے کی کہانی وائرل ہوئی۔

مزید خبریں :