Geo News
Geo News

Time 16 جون ، 2025
پاکستان

’سموسے خریدیں گے تو ساتھ چٹنی نہیں ملے گی‘، قادر پٹیل کا اسمبلی میں نان فائلرز پر پابندیوں پر طنز


’سموسے خریدیں گے تو ساتھ چٹنی نہیں ملے گی‘، قادر پٹیل کا اسمبلی میں نان فائلرز پر پابندیوں پر طنز
عبدالقادر پٹیل قومی اسمبلی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے— فوٹو: قومی اسمبلی/ فیس بک

پاکستان پیپلزپارٹی کے رکن قومی اسبمبلی عبدالقادر پٹیل نان فائلرز پر سوشل میڈیا پر بنی میمز ایوان میں لے آئے اور پابندیوں پر طنز کے ساتھ ساتھ نت نئے حوالے بھی دیے۔

قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے قادر پٹیل کا کہنا تھاکہ بجٹ میں آرٹیکل 114 سی کے تحت کچھ لوگوں کو نااہل قرار دیا گیا ہے، یہ لوگ اپنے اکاونٹ سے ایک حد سے زیادہ پیسے نہیں نکال سکتے، یہ وہ نان فائلرز ہیں جن کے اکاونٹ منجمد کردیے جائیں گے۔

قادر پٹیل نان فائلرز  پر سوشل میڈیا پر بنی میمز ایوان میں لے آئے، ساتھ ہی نت نئے حوالے بھی دیے۔

نان فائلرز  پر نئی پابندیاں بتاتے ہوئے کہا کہ بجٹ میں یہ بھی شامل کر دیتے کہ یہ اپنے بچوں کا ختنہ نہیں کرواسکتے، نان فائلرز کو کوئی رشتہ نہیں دے گا، یہ سموسے خریدیں گے تو ساتھ چٹنی نہیں ملے گی، نان فائلرز  ایک پیر کا استعمال کرکے لنگڑا کر چلیں گے تاکہ دور سے پتہ چلے کہ یہ نان فائلر جا رہا ہے۔

عبدالقادر پٹیل کے طنزیہ جملوں پر  ایوان میں ارکان اور  اسپیکر مسکراتے رہے۔

پی پی رہنما کا کہنا تھا کہ حکومتی بینچوں میں شاید یہ خوش فہمی ہے کہ پیپلز پارٹی ہر چیز کو سپورٹ کرے گی لیکن ایسا بالکل نہیں ہے، ہم کسی ایسی چیز کو  سپورٹ نہیں کریں گے جو عوام اور  ملک کے خلاف ہو۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت ہمیں ملک کی  اور  جغرافیائی صورتحال  دیکھ کر بجٹ کو سمجھنا ہوگا۔