17 جون ، 2025
بھارت میں سیفٹی کیلئے گاڑی سے باہر آنے کا کہنے پر خاتون سیخ پا ہوگئی اور پیٹرول پمپ ورکر پر بندوق تان لی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست اترپردیش کے بلگرام ٹاؤن میں ایک خاتون نے پیٹرول پمپ کے ورکر کے ساتھ نہ صرف بدتمیزی کی بلکہ اس کے اوپر بندوق تان لی۔
پولیس نے بتایا کہ یہ جھگڑا اس وقت سامنے آیا جب ایک فیملی سی این جی اسٹیشن پر اپنی گاڑی میں فیول ڈلوانے آئی جہاں پیٹرول پمپ ورکر کی جانب سے فیملی کو حفاظتی تدابیر کے تحت گاڑی سے باہر آنےکا کہاگیا۔
اس کے بعد گاڑی میں بیٹھا شخص باہر آیا اور اس نے پیٹرول پمپ ورکر راجیش کمار کو مبینہ طور پر دھکا دیا اور اس پر حملہ بھی کیا، اتنی ہی دیر میں ایک خاتون گاڑی سے پستول لے آئی اور ورکر کو ڈرانے دھمکانے لگی۔
پولیس نے مزید بتایا کہ خاتون نے راجیش کو دھمکاتے ہوئے کہا کہ'اتنی گولیاں ماروں گی کہ تمہاری فیملی تمہیں پہچانے گی نہیں۔'
پولیس کے مطابق تمام تر واقعہ پیٹرول پمپ پرلگے سی سی ٹی وی میں محفوظ ہوگیا اور راجیش کی شکایت پر مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔