17 جون ، 2025
بھارت میں کم عمر لڑکی زپ لائن کے مزے لیتے ہوئے 30 فٹ کی بلندی سے نیچے آگری۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست مہاراشٹرا سے تعلق رکھنے والی 12 سالہ لڑکی اپنی چھٹیاں منانے اہلخانہ کے ہمراہ ہماچل پردیش کے سیاحتی مقام منالی گئی تھی۔
رپورٹس کے مطابق کم عمر لڑکی کا نام تریشا بجوے ہے جو زپ لائن سے لطف اندوز ہورہی تھی کہ اچانک سے رسی ٹوٹی اور وہ 30 فٹ کی بلندی سے نیچے آگری جس کےبعد اسے فوری اسپتال منتقل کیا گیا۔
بچی کے والد پرفل بجوے نے بتایا کہ تریشا کو متعدد فریکچر آئے ہیں اور اس کی سرجری بھی کی گئی ہے جس کے بعد اب حالت میں بہتری آرہی ہے۔
تریشا کے اہلخانہ نے زپ لائن آپریٹرز پر سنگین غفلت کا الزام لگایا اور کہا کہ وہ بنیادی حفاظتی پروٹوکول پر عمل کرنے میں ناکام رہے۔
اس کے علاوہ لڑکی کے اہلخانہ نے ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی اور واقعہ کی مکمل تحقیقات کا مطالبہ بھی کیا۔