18 جون ، 2025
ایرانی خبررساں ایجنسی کے مطابق ایرانی سکیورٹی فورسز نے ملک کے مختلف شہروں سے مبینہ جاسوس گرفتار کرلیے۔
رپورٹس کے مطابق ایران کے صوبے لرستان میں پاسداران انقلاب کی انٹیلی جنس نے 5 مبینہ جاسوس گرفتار کرلیے۔
ایران کی نیم سرکاری تسنیم نیوز ایجنسی کے مطابق رے شہر میں پولیس نے موساد سے وابستہ ایک مبینہ جاسوس کی شناخت کرکے اسے گرفتار کرلیا۔
خبررساں ایجنسی نے بتایا کہ گرفتار شخص افغان شہری اور انڈر گریجویٹ طالب علم ہے جس کے موبائل فون سے ڈرون اور بم بنانے کی تربیت سے متعلق فائلیں ملی ہیں۔
دوسری جانب ایرانی بارڈرز کمانڈ کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ پڑوسی ممالک سے توقع ہے کہ وہ اپنے ممالک سے ایران کے خلاف دشمن کارروائیوں کا سدباب کریں۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ بارڈر پولیس کا مسلح افواج کے ساتھ بارڈر سے آمدو رفت پر مکمل کنٹرول ہے۔