19 جون ، 2025
ایک کمپنی نے ایک جزیرے پر آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹیکنالوجی پر مبنی دنیا کی پہلی حکومت کو قائم کیا ہے۔
فلپائن کے قریب واقع اس جزیرے کو سنسے نامی کمپنی نے خریدا۔
پہلے اس کا نام Cheron آئی لینڈ تھا مگر اب اسے سنسے آئی لینڈ کا نام دیا گیا ہے۔
سنسے کو اے آئی پر مبنی حقیقی افراد کی ڈیجیٹل نقول کی تیاری کے لیے جانا جاتا ہے اور اس جزیرے میں حکومت بھی تاریخ کے چند اہم نام کر رہے ہیں۔
وہاں کے صدر یا سربراہ مملکت قدیم روم کے ایک شہنشاہ مارکوس اوریلیوس ہیں جبکہ برطانیہ کے ونسٹن چرچل وہاں کے وزیراعظم ہیں۔
قدیم چین کے معروف فوجی رہنما Sun Tzu وزیر دفاع جبکہ نیلسن منڈیلا وزیر انصاف ہیں۔
سنسے کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ہر اے آئی ڈیجیٹل نقل ان افراد کی شخصیت، اقدار اور فیصلہ سازی کو مدنظر رکھ کر مرتب کی گئی ہے۔
ان ڈیجیٹل نقول کو ان افراد سے متعلق ادب، فلاسفی، تقاریر اور تحریروں سے تربیت دی گئی ہے۔
یہاں کی حکومت مکمل طور پر اے آئی پر مبنی ہے اور مجموعی طور پر 17 تاریخی افراد کابینہ میں شامل ہیں۔
کمپنی نے بتایا کہ ہمارا مقصد دنیا کے سامنے یہ ظاہر کرنا ہے کہ اے آئی ٹیکنالوجی شفاف، مؤثر اور عملی پالیسی سازی جیسے امور میں معاون ثابت ہوسکتی ہے۔
بیان کے مطابق اے آئی پر مبنی حکومت مستقبل میں آگے بڑھنے کا راستہ ہے جس میں کوئی سیاسی تعصب نہیں ہوگا، کوئی تاخیر نہیں ہوگی، بس مؤثر اور ذمہ دارانہ فیصلے کیے جائیں گے۔
یہ جزیرہ 3.4 کلومیٹر رقبے پر پھیلا ہوا ہے جس میں ساحل، برساتی جنگل اور کافی کچھ موجود ہے، جسے آپ گوگل میپس پر بھی دیکھ سکتے ہیں۔
البتہ وہاں کوئی انفرا اسٹرکچر نظر نہیں آتا اور ہاں اگر وہاں جانے کا ارادہ رکھتے ہیں تو یہ بھی امکان ہے کہ وائی فائی کی سہولت دستیاب نہیں ہوگی۔
سنسے آئی لینڈ کی ٹور ازم منیجر Marisol Reyes (یہ بھی اے آئی پر مبنی شخصیت ہے) سے آپ سنسے آئی لینڈ کی ویب سائٹ پر چیٹ کرسکتے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ آپ کسی بھی وقت جزیرے کو دیکھنے آسکتے ہیں اور یہاں جدید اے آئی حکومت اور روایتی فلپائنی میزبانی کا تجربہ کرسکتے ہیں۔
جو افراد وہاں جانے سے قاصر ہیں ان کے لیے اچھی خبر یہ ہے کہ وہ سنسے آئی لینڈ کے ای ریزیڈنٹ کے طور پر خود کو رجسٹر کراسکتے ہیں، جس سے آپ کو اے آئی پر مبنی انتظامیہ کو نئی پالیسیاں تجویز کرنے کا موقع ملے گا۔
سنسے کے بانی اور چیف ایگزیکٹو ڈین تھامسن نے بتایا کہ یہ پراجیکٹ اے آئی کو ذمہ دارانہ سمت میں بڑھانے کے ہمارے عزم کو ثابت کرتا ہے۔