19 جون ، 2025
آج صبح ایران نے اسرائیل پر متعدد بیلسٹک میزائل فائر کیے جس کے نتیجے میں اب تک 221 لوگوں کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق تل ابیب میں گش دان اور صحرائے نقب سمیت کم از کم 4 علاقوں میں 6 میزائل گرنے کی اطلاع ملی ہے اور صحرائے نقب میں عمارت پر براہ راست میزائل ٹکرایا ہے۔
اسرائیلی ریسکیو حکام کے مطابق بیر السبع میں ساروکا اسپتال پر میزائل ٹکرایا ہے جس سے بڑی تباہی ہوئی ہے۔
تاہم اب ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے ساروکا اسپتال کے حوالے سے ایک اہم انکشاف کیا ہے۔
سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر اپنے بیان میں عباس عراقچی نے کہا کہ آج ایرانی فورسز نے اسرائیلی فوج کے ایک کمانڈ کنٹرول اور انٹیلی جنس ہیڈ کوارٹر کو نشانہ بنایا۔
عباس عراقچی نے کہا کہ دھماکوں کی شدت سے قریب واقع ساروکا ملٹری اسپتال کے ایک حصے کو بھی معمولی نقصان پہنچا۔
ایرانی وزیر خارجہ نے کہا کہ یہ اسپتال غزہ میں جاری قتل عام میں ملوث اسرائیلی فوجیوں کے علاج کے لیے استعمال ہوتا ہے، وہی غزہ جہاں اسرائیل 94 فیصد اسپتال تباہ کرچکا ہے۔ عباس عراقچی نے کہا کہ اسپتال کا متاثرہ حصہ حملے کے وقت خالی تھا۔
انہوں نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ اسرائیلی شہری میزائل حملوں سے قبل ایران کی جانب سے جاری کیے جانے والے انخلا کے احکامات پر عمل کریں اور عسکری تنصیبات سے دور رہا کریں۔