19 جون ، 2025
اسلام آباد کی سیشن کورٹ نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کے خلاف آڈیو لیک کیس میں ان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری منسوخ کرتے ہوئے ان پر فرد جرم عائد کرنے کے لیے 2 جولائی کی تاریخ مقرر کردی ہے جب کہ عدالت کے سامنے سرینڈر کرنے پر شراب و اسلحہ برآمدگی کیس میں بھی مسلسل عدم حاضری پر جاری وارنٹ گرفتاری منسوخ کردیےگئے۔
اسلام آباد کے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج نصر من اللہ بلوچ نے وزیر اعلیٰ کے پی علی امین گنڈاپور کے خلاف تھانہ گولڑہ میں درج آڈیو لیک کیس کی سماعت کی۔
وکیل راجا ظہور الحسن نے عدالت کو بتایا کہ علی امین گنڈا پور کی پشاور ہائی کورٹ سے حفاظتی ضمانت منظور ہوچکی ہے۔ عدالت نے علی امین گنڈاپور پر فرد جرم عائد کرنے کے لیے 2 جولائی کی تاریخ مقررکرتے ہوئے ان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری منسوخ کردیے۔
عدالت نے کہا کہ فرد جرم کی کارروائی کے لیے آپ کی حاضری ضروری ہے جس کے بعد سماعت 2 جولائی تک ملتوی کردی گئی۔
جوڈیشل مجسٹریٹ اسلام آباد مبشر حسن چشتی نے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے خلاف تھانہ بارہ کہو میں درج شراب و اسلحہ برآمدگی کیس کی سماعت کی۔
عدالت نے علی امین گنڈاپور کے سرینڈر کرنے پر ان کی مسلسل عدم حاضری پر جاری لیے گئے وارنٹ گرفتاری منسوخ کردیے ۔ عدالت نے پوچھا 342 کے سوال نامےکا جواب کب تک جمع کروائیں گے؟ علی امین گنڈا پور نے یقین دہانی کروائی کہ خیبر پختونخوا کے بجٹ کے بعد جواب عدالت میں جمع کروا دیں گے۔ عدالت نے اسلحہ اور شراب برآمدگی کیس کی سماعت ملتوی کردی۔
میڈیا سے گفتگو میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ کیسز کی وجہ سے ہمارا وقت ضائع ہوتا ہے، پاکستان کا سسٹم جب درست ہوگا تو کیسز ختم ہو جائیں گے، سسٹم ٹھیک ہوگا تو ہی پاکستان درست سمت کی طرف جائےگا۔