20 جون ، 2025
اسرائیل-ایران کےجاری فوجی تنازع کے دوران پاکستانی سوشل میڈیا صارفین ایک ایسی ویڈیو پر یقین کرتے دکھائی دے رہے ہیں جس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ اسرائیل میں ایک احتجاجی ریلی نکالی گئی، جس میں پاکستان سے ایران کے جوابی حملے روکنے میں مدد کی اپیل کی گئی۔
یہ دعویٰ غلط ہے، ویڈیو آرٹیفیشل انٹیلیجنس (AI) کے ذریعے تیار کی گئی ہے۔
18 جون کو X (جو پہلے ٹوئٹر تھا) پر ایک صارف نے 13 سیکنڈ کا ویڈیو کلپ شیئر کیا، جس کے کیپشن میں لکھا تھا:”اب تو اسرائیلی یہودی بھی پاکستان سے مدد مانگ رہے ہیں کہ پاکستان ہمیں بچاؤ ایرانی حملے روکنے کے لئے کہو پاکستان زندہ باد۔“
ویڈیو میں لوگوں کو اسرائیلی جھنڈے اور عبرانی زبان میں لکھے ہوئے پلے کارڈ اٹھائے دیکھا جا سکتا ہے، جو نعرے لگا رہے ہیں:”ایران کو روکو، پاکستان، صرف تم ہی مدد کر سکتے ہو، پاکستانی عوام، براہِ کرم ایران کو روکو۔“
اس آرٹیکل کے شائع ہونے تک اس ویڈیو کو 96ہزار600 سے زائد بار دیکھا، 490 سے زیادہ مرتبہ ری پوسٹ اور 1ہزار 100سے زائد دفعہ لائک کیا گیا۔
ایک آزاد تجزیے سے تصدیق ہوئی ہے کہ یہ ویڈیو آرٹیفیشل انٹیلیجنس کے ٹولز کی مدد سے تیار کی گئی ہے۔
جیو فیکٹ چیک نے ویڈیو کا جائزہ لینے کے لیے Attestiv نامی ایک امریکی AI کنٹینٹ اور ڈیجیٹل فارنزک پلیٹ فارم کا استعمال کیا، Attestiv نے ویڈیو سے لی گئی تصاویر کو 88 کا ہائی ٹیمپر اسکور(Tamper Score) دیا، جو اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ یہ مواد مستند نہیں ہے۔
جیو فیکٹ چیک نے AI سے تیار کردہ مواد کی شناخت کے لیے استعمال ہونے والے پلیٹ فارم Hive Moderation سے بھی ویڈیو کا تجزیہ کروایا، جس نے اس ویڈیو کو 84 فیصد امکان کے ساتھ آرٹیفیشل انٹیلیجنس سے تیار کردہ قرار دیا۔
ویڈیو میں کچھ نمایاں خامیاں بھی دیکھی جا سکتی ہیں ، بعض چہرے غیر معمولی حد تک ہموار دکھائی دیتے ہیں، جو کہ ڈیپ فیک مواد کی ایک معروف نشانی ہے، جیسا کہ MIT میڈیا لیب کی تحقیق میں بھی نشاندہی کی گئی ہے۔
علاوہ ازیں، کسی بھی امریکی یا اسرائیلی خبر رساں ادارے نے اسرائیل میں اس نوعیت کے کسی احتجاج کو رپورٹ نہیں کیا ۔
فیصلہ: یہ ویڈیو مصنوعی طور پر تیار کی گئی ہے اور اسرائیل میں کسی حقیقی احتجاج کو ظاہر نہیں کرتی۔
ہمیں X (ٹوئٹر) GeoFactCheck@ اور انسٹا گرام geo_factcheck@ پر فالو کریں۔
اگر آپ کو کسی بھی قسم کی غلطی کا پتہ چلے تو [email protected] پر ہم سے رابطہ کریں۔