فیکٹ چیک: اقراء عزیز نے بیٹیوں کے بارے میں تنقیدی ریمارکس نہیں دیے

شیئر کیا جانے والا ویڈیو کلپ اقراء عزیز کے 29 مارچ 2022 کے انٹرویو سے لیا گیا ہے۔

پاکستانی اداکارہ اقراء عزیز کی ایک مختصر ویڈیو کلپ سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہے، جس کے ساتھ یہ الزام لگایا جا رہا ہے کہ انہوں نے ایک انٹرویو کے دوران اداکارہ ایمن منیب کی کم عمر بیٹیوں کے بارے میں تضحیک آمیز کلمات کہے۔

یہ دعویٰ بے بنیاد ہے۔ اقراء عزیز نے ایسا کوئی بیان نہیں دیا۔

دعویٰ

11 مئی کو ایک فیس بک صارف نے 59 سیکنڈ پر مشتمل ویڈیو کلپ شیئر کیا، جس کے کیپشن میں لکھا تھا: ”جب بھی ایمن خان (جنہیں ایمن منیب کے نام سے بھی جانا جاتا ہے) کی دو دو بیٹیاں دیکھتی ہوں تو شکر کرتی ہوں کہ میری کوئی بیٹی نہیں، اقراء عزیز۔“ تاہم ویڈیو میں اداکارہ کو صرف اپنی ازدواجی زندگی کے بارے میں بات کرتے سنا جا سکتا ہے۔

اس آرٹیکل کے شائع ہونے تک پوسٹ کو 12 لاکھ سے زائد بار دیکھا اور 10 ہزار سے زیادہ مرتبہ لائک کیا گیا ہے۔

اسی نوعیت کے دعوے یہاں اور یہاں بھی شیئر کیے گئے ہیں۔

حقیقت

اداکارہ اقراء عزیز نے ایمن منیب کی بیٹیوں یا عمومی طور پر بیٹیوں کے بارے میں ایسا کوئی بیان نہیں دیا۔

شیئر کیا جانے والا ویڈیو کلپ اقراء عزیز کے 29 مارچ 2022 کو کراچی کے مقامی فوشیا (Fuchsia) میگزین کو دیے گئے انٹرویو سے لیا گیا ہے۔

انٹرویو کا جو حصہ سوشل میڈیا پر گردش کر رہا ہے، وہ ویڈیو کے 40 منٹ اور 23 سیکنڈ سے لیا گیا ہے، جہاں اقراء عزیز شادی کے بعد ملنے والی اُن نصیحتوں کا ذکر کر رہی ہیں جو ایک کامیاب ازدواجی تعلق قائم رکھنے سے متعلق تھیں۔

پورے انٹرویو میں اقراء عزیز نے ایمن منیب کا نام صرف اُس وقت لیا جب اُن سے پوچھا گیا کہ اُن کے خیال میں”When life throws lemons, make lemonade“ کیپشن کے ساتھ انسٹاگرام پوسٹ کس نے شیئر کی ہو سکتی ہے۔

یہ گفتگو انٹرویو کے 1 گھنٹہ، 14 منٹ اور 6 سیکنڈ پر ہوتی ہے۔

فیصلہ: یہ دعویٰ غلط ہے۔ انٹرویو کے کسی بھی حصے میں اقراء عزیز نے ایمن منیب کی بیٹیوں کے بارے میں کوئی بات نہیں کی۔

ہمیں X (ٹوئٹر) GeoFactCheck@ اور انسٹا گرام geo_factcheck@ پر فالو کریں۔ اگر آپ کو کسی بھی قسم کی غلطی کا پتہ چلے تو [email protected] پر ہم سے رابطہ کریں۔