21 جون ، 2025
کراچی: جناح اسپتال کے 2 ڈاکٹرز میں کانگو وائرس کی مشتبہ علامات ظاہر ہوئی ہیں۔
اسپتال ذرائع کے بطابق جناح اسپتال کے 2 ہاؤس آفیسرز نے گزشتہ ہفتے کانگو کے مریض کو طبی سہولیات فراہم کی تھیں۔
ذرائع کاکہنا ہےکہ کانگو کا مریض 19 جون کو دوران علاج سندھ انفیکشن ڈیزیز اسپتال میں انتقال کرگیا تھا۔
اس حوالے سے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر جناح اسپتال ڈاکٹر شاہد رسول نے بتایا کہ دونوں ڈاکٹروں کو تیزبخار اور پیٹ میں تکلیف کی شکایات ہیں، ایک ہاؤس آفیسر اپنے گھر جب کہ دوسرا جناح اسپتال کے میڈیکل آئی سی یو میں آئیسولیٹ ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایک ہاؤس آفیسر میں کانگو وائرس کی 90 فیصد علامات ہیں، دونوں ڈاکٹروں میں مریض کو طبی امداد دینے کے اگلے روز ہی علامات ظاہر ہوگئی تھیں، دونوں ڈاکٹروں کے پی سی آر ٹیسٹ کے نمونے لیب بھیجے ہیں جن کی کانگو وائرس سے متعلق رپورٹ پیر کو موصول ہوگی۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسپتال کے شعبہ ایمرجنسی میں فیور ڈیسک قائم کی ہے، اسپتال میں بڑے پیمانے پرآئیسولیشن یونٹ قائم کرنے کی سہولیات نہیں، آئیسولیشن یونٹ بنانے سے متعلق محکمہ صحت سے آنے والی ہدایات پر عمل کیاجائیگا۔