پاکستان

سعودی شوریٰ کونسل میں قائم سعودی پاک فرینڈ شپ گروپ کا 3 رکنی وفد پاکستان پہنچ گیا

سعودی شوریٰ کونسل میں قائم سعودی پاک فرینڈ شپ گروپ کا 3 رکنی وفد پاکستان پہنچ گیا
شوریٰ کونسل کے وفد نے اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق ملاقات کی— فوٹو: قومی اسمبلی

سعودی عرب کی شوریٰ کونسل میں قائم سعودی عرب پاکستان فرینڈ شپ گروپ کا 3 رکنی وفد  پاکستان پہنچ گیا۔

قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے اعلامیے کے مطابق سعودی وفد اسپیکرایازصادق کی خصوصی دعوت پر پاکستان کے دورے پر پہنچا ہے اور وفد کی قیادت سربراہ سعودی پاکستان فرینڈ شپ گروپ میجر جنرل (ر) ڈاکٹر عبدالرحمان کر  رہے ہیں۔

شوریٰ کونسل کے وفد نے اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعلقات، پارلیمانی تعاون اور دوطرفہ روابط پر گفتگو کی گئی اور پارلیمانی وفود کے تبادلوں کے فروغ پر اتفاق کیا گیا۔

ملاقات میں مسلم امہ کے اتحاد، خطے میں امن و ترقی کیلئے مشترکہ کردار پر بھی بات چیت کی گئی۔

اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کا کہنا تھاکہ سعودی عرب پاکستان کا قریبی برادر ملک ہے، سعودی عرب کا پاکستان کے ساتھ ہر مشکل وقت میں تعاون قابلِ تحسین ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی عوام کا سعودی عرب کے ساتھ احترام، محبت اور عقیدت کا رشتہ ہے۔

ان کا کہنا تھاکہ دنیا میں جاری جنگی حالات تشویشناک صورتحال اختیار کرچکے ہیں، جنگ کسی بھی مسئلے کا حل نہیں ہے، پاکستان ہمیشہ سے بات چیت اور امن پر یقین رکھتا ہے اور عالمی امن اس وقت دنیا کی سب سے بڑی ضرورت ہے۔

اسپیکر ایاز صادق نے مطالبہ کیاکہ عالمی قوتیں خطے میں پائیدار امن کے قیام کیلئے اپنا موثر کردار ادا کریں۔

سعودی وفد کے سربراہ ڈاکٹرعبدالرحمان نے کہا کہ سعودی عرب پاکستان سے قریبی دوستانہ تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے اور دونوں ممالک کے عوام کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں۔

مزید خبریں :