Time 23 جون ، 2025
پاکستان

نیب نے مالیاتی بدعنوانی کیخلاف تحقیقات میں AI ٹیکنالوجی کا استعمال شروع کردیا

نیب نے مالیاتی بدعنوانی کیخلاف تحقیقات میں AI ٹیکنالوجی کا استعمال شروع کردیا
آرٹیفیشل انٹیلی جنس ٹیکنالوجی کی مدد سے پیچیدہ مالیاتی ڈیٹا کا تجزیہ اب کہیں زیادہ مؤثر اور شفاف انداز میں ممکن ہو گیا، نیب— فوٹو:نیب

قومی احتساب بیورو (نیب) نے مالیاتی بدعنوانی کے خلاف تحقیقات میں مؤثر اور تیز رفتار نتائج کے لیے جدید آرٹیفیشل انٹیلی جنس ٹیکنالوجی کے استعمال کا آغاز کر دیا۔

آرٹیفیشل  انٹیلی جنس ٹیکنالوجی کی مدد سے پیچیدہ مالیاتی ڈیٹا کا تجزیہ اب کہیں زیادہ مؤثر اور شفاف انداز میں ممکن ہو گیا۔

ذرائع کے مطابق نیب نے بڑے مالیاتی مقدمات میں بینکنگ ریکارڈ، مالیاتی لین دین اور منی ٹریل کی جانچ جدید AI سسٹمز کے ذریعے شروع کر دی جن کی مدد سے ڈیٹا میں چھپے روابط اور مشکوک ٹرانزیکشنز کی نشاندہی تیزی اور جامع انداز سے انجام دی جا رہی ہے۔

نیب کی ایک ٹیم نے نیشنل سینٹر آف آرٹیفیشل انٹیلی جنس (NCAI) اسلام آباد کا دورہ کیا اور چیئرمین ڈاکٹر یاسر ایاز سے ملاقات کی۔ اس ملاقات میں تحقیقاتی نظام کو عالمی معیار کے مطابق اپ گریڈ کرنے، AI پر مبنی تفتیشی ماڈیولز کی تیاری اور تکنیکی معاونت سے متعلق تفصیلی گفتگو کی گئی۔

ڈاکٹر یاسر ایاز نے تحقیقات میں جدید ٹیکنالوجی کا مؤثر استعمال یقینی بنانے پر نیب کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ نیب کو پاکستان کی جدید ترین لا انفورسمنٹ ایجنسی بنانے کے لیے ہر ممکن تکنیکی مدد فراہم کی جائے گی۔

نیب کے ترجمان نے بتایا کہ ادارہ عوام کی محنت سے کمائی گئی رقوم کی بازیابی اور بدعنوان عناصر کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کے لیے جدید ترین ذرائع اور ٹیکنالوجی کو بروئے کار لا رہا ہے۔ 

ان کا کہنا تھاکہ آرٹیفیشل انٹیلی جنس کے ذریعے تحقیقات کو مزید تیز، شفاف اور نتیجہ خیز بنایا جا رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق نیب اور NCAI کے درمیان اس اشتراک سے مستقبل میں ایسے خودکار تفتیشی نظام تشکیل دیے جائیں گے جو بڑے مالیاتی نیٹ ورکس اور منی لانڈرنگ کی بروقت نشاندہی اور روک تھام میں کلیدی کردار ادا کریں گے۔

مزید خبریں :