Time 24 جون ، 2025
دنیا

’فرار ہوجاؤ ورنہ مارے جاؤ گے‘، اسرائیلی ایجنٹس نے اعلیٰ عسکری قیادت کے قتل کے بعد ایرانی جنرلز کو دھمکیاں دیں

’فرار ہوجاؤ ورنہ مارے جاؤ گے‘، اسرائیلی ایجنٹس نے اعلیٰ عسکری قیادت کے قتل کے بعد ایرانی جنرلز کو دھمکیاں دیں
فوٹو: فائل

تل ابیب: امریکی اخبار کے مطابق 13 جون کو ایران پر اسرائیلی حملے  اور اعلیٰ فوجی افسران اور ایٹمی سائنسدانوں کی ہلاکت کے بعد اسرائیلی انٹیلی جنس ایجنسیوں نے ایرانی حکومت کو کمزور کرنے اور اس کے اندر تقسیم پیدا کرنے کے لیے ایک خفیہ نفسیاتی مہم کا آغاز کیا۔

امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی سکیورٹی اداروں سے وابستہ فارسی بولنے والے ایجنٹس نے ایران کے اعلیٰ حکام کو اُن کے ذاتی موبائل نمبروں پر کالز کیں اور انہیں خبردار کیا کہ اگر انہوں نے آیت اللہ علی خامنہ ای کی حکومت کی حمایت ترک نہ کی تو ان کی بھی موت یقینی ہے۔

اخبار نے ایک آڈیو ریکارڈنگ اور اس کی مکمل ٹرانسکرپٹ حاصل کی جس میں ایک اسرائیلی ایجنٹ نے ایران کے ایک سینئر جنرل سے کہا کہ ’میرا مشورہ ہے کہ تم اپنی بیوی اور بچے کے ساتھ 12 گھنٹوں کے اندر فرار ہو جاؤ، ورنہ تم ہمارے نشانے پر ہو اور  ہم تمہارے بہت قریب ہیں‘۔

اسرائیلی ایجنٹ نے اس ایرانی جنرل سے مطالبہ کیا کہ وہ خود کو ایرانی حکومت سے الگ کرنے کی ویڈیو ریکارڈ کرے اور مخصوص ٹیلیگرام اکاؤنٹ پر بھیجے۔ 

رپورٹ کے مطابق ایسے پیغامات 20 سے زائد اعلیٰ ایرانی شخصیات کو بھیجے گئے۔ اخبار کا کہنا ہے کہ اگرچہ یہ واضح نہیں ہو سکا کہ کسی نے ویڈیو واقعی بھیجی یا نہیں، مگر اسرائیلی ایجنسیوں کا مقصد واضح طور پر  ایرانی قیادت میں خوف اور انتشار پیدا کرنا تھا۔

اسرائیلی وزیراعظم بن یامین نیتن یاہو کے دفتر نے اس حوالے سے کسی بھی تبصرے سے انکار کیا ہے۔

رپورٹ میں فراہم کی گئی آڈیو ریکارڈنگ کو ایک اسرائیلی شخص نے واشنگٹن پوسٹ کو فراہم کیا جس نے ایجنٹ کی شناخت چھپانے کے لیے اس کی آواز کو تبدیل کیا، ایران کے جس جنرل کو کال کی گئی اس کا نام اور آواز بھی شائع نہیں کی گئی۔

مزید خبریں :