Time 24 جون ، 2025
پاکستان

پاکستان نے رتلے اور کشن گنگا کے متنازع منصوبوں کیخلاف ورلڈ بینک کی کارروائی رکوانے کی بھارتی درخواست کی مخالفت کردی

پاکستان نے رتلے اور کشن گنگا کے متنازع منصوبوں کیخلاف ورلڈ بینک کی کارروائی رکوانے کی بھارتی درخواست کی مخالفت کردی
بھارت کشن گنگا اوررتلے پن بجلی منصوبوں پرنیوٹرل ایکسپرٹ کی کاروائی رکوانا چاہتا ہے، رتلے اور کشن گنگا منصوبوں پرنیوٹرل ایکسپرٹ کی کاروائی نہیں رک سکتی: حکومتی ذرائع— فوٹو:فائل

پاکستان نے مقبوضہ کشمیر کے دریاؤں پر بننے والے رتلے اور کشن گنگا کے متنازع ہائیڈرو پاور پروجیکٹس کے خلاف ورلڈ بینک کی کارروائی رکوانے کی بھارتی درخواست کی مخالفت کردی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بھارت نے ورلڈ بینک ثالث مائیکل لینو کو خط لکھ کر کہا ہےکہ بھارت سندھ طاس معاہدہ معطل کرچکا ہے، اس لیے رتلے اور کشن گنگا ہائیڈرو پاور پروجیکٹس پر بھارت کے خلاف ورلڈ بینک کی کارروائی روک دی جائے۔ 

بھارتی اخبار کے مطابق ورلڈ بینک کے نیوٹرل ایکسپرٹ مائیکل لینو نے اس پر پاکستان کا مؤقف لیا اور پاکستان نے بھارتی درخواست کی مخالفت کردی ہے۔ پاکستان کا کہنا ہے کہ دونوں پروجیکٹس انڈس واٹر ٹریٹی کی خلاف ورزی کرتے ہیں اور پانی کے کم از کم بہاؤ کی شق پوری نہیں کرتے۔

حکومتی ذرائع کے مطابق بھارت کشن گنگا اوررتلے پن بجلی منصوبوں پرنیوٹرل ایکسپرٹ کی کاروائی رکوانا چاہتا ہے، بھارت کے ان متنازع منصوبوں پرعالمی بینک نے نیوٹرل ایکسپرٹ مقررکررکھا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارت سندھ طاس معاہدہ معطلی کا کہہ کر نیوٹرل ایکسپرٹ کی کارروائی روکنے کی کوشش کررہاہے، عالمی بینک خود کہہ چکا ہے کہ سندھ طاس معاہدہ یک طرفہ معطل نہیں ہوسکتا۔

حکومتی ذرائع کے مطابق پاکستان متعلقہ فورمز پر اپنے دریاؤں کے پانی کا مکمل تحفظ اور دفاع کرے گا، پاکستان کے جہلم اورچناب پربھارتی پن بجلی منصوبوں کے ڈیزائن پراعتراضات ہیں۔

ذرائع نے کہا کہ رتلے اور کشن گنگا منصوبوں پرنیوٹرل ایکسپرٹ کی کاروائی نہیں رک سکتی۔

مزید خبریں :