27 جون ، 2025
راولپنڈی: فیلڈمارشل عاصم منیرنے کہا ہے کہ نوجوان افسران دیانتداری، پیشہ ورانہ مہارت اور وطن سے خلوص کے اعلیٰ ترین معیارات کو اپنائیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیرنے سول سروسز اکیڈمی کے 52 ویں کامن ٹریننگ پروگرام کےزیرِ تربیت افسران سے ملاقات کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق اس موقع پر فیلڈ مارشل عاصم منیر نے قومی سلامتی، داخلی و خارجی چیلنجز ، علاقائی امن و استحکام کے تحفظ میں افواج کےکردارپرگفتگو کی جب کہ آرمی چیف نے ریاستی نظم ونسق کے ڈھانچےمیں باصلاحیت سول بیوروکریسی کے ناگزیر کردارکو بھی اجاگر کیا۔
آرمی چیف نے شرکا سے خطاب میں کہا کہ نوجوان افسران دیانتداری، پیشہ ورانہ مہارت اور وطن سے خلوص کے اعلیٰ ترین معیارات کو اپنائیں اور قوم کی خدمت کو اپنا نصب العین بنائیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کامن ٹریننگ پروگرام کے شرکا نے سینئر عسکری قیادت سے براہ راست ملاقات اور فوج کےاسٹریٹیجک وژن، آپریشنل تیاری، قومی ترقی میں کردار کو سمجھنے کےاس موقع کو سراہا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات سوال و جواب کے بامقصد سیشن کے ساتھ اختتام پذیر ہوئی۔