Advertisement

کھیل
time icon 28 فروری ، 2018

پیٹرسن کی جارحانہ اننگز کی بدولت کوئٹہ اسلام آباد کیخلاف کامیاب


شارجہ: پاکستان سپر لیگ کے نویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے کیون پیٹرسن کی شاندار بیٹنگ کی بدولت باآسانی اسلام آباد یونائیٹڈ کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی۔

اسلام آباد کی جانب سے 135 رنز کے ہدف کا تعاقب کوئٹہ نے 18ویں اوور میں ہی کرلیا۔

اننگز کے آغاز میں کوئٹہ کی تین وکٹیں 48 رنز پر گرگئیں تاہم اس موقع پر محمد نواز اور کیون پیٹرسن کے درمیان شراکت نے فتح میں کلیدی کردار ادا کیا۔

کوئٹہ کے پہلے آؤٹ ہونے والے بیٹسمین شین واٹسن تھے جو اسٹیون فن کی گیند پر رومان رئیس کو کیچ دے بیٹھے۔

اس کے بعد عمر امین کو محمد سمیع نے بولڈ کردیا جبکہ اسد شفیق بھی برا شاٹ کھیل کر فن کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے۔

بعدازاں محمد نواز اور کیون پیٹرسن کے درمیان 70 رنز کی شاندار شراکت قائم ہوئی جس نے کوئٹہ کی پوزیشن مضبوط کردی۔ پیٹرسن 29 گیندوں پر 48 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

محمد نواز کو کریز پر کپتان سرفراز احمد نے جوائن کیا تاہم اس وقت تک کوئٹہ کی جیت تقریباً یقینی تھی۔

محمد نواز 25 جبکہ سرفراز احمد 7 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے اور اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کروایا۔ اسلام آباد کی جانب سے فن نے تین جبکہ محمد سمیع نے ایک وکٹ حاصل کی۔

اننگز کے دوران رومان رئیس ڈائیولگاتے ہوئے انجری کا شکار ہوگئے تاہم اس کی نوعیت کیا ہے یہ ابھی واضح نہیں۔

اس سے قبل اسلام آباد یونائیٹڈ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف 134 رنز ہی اسکور کر پائے۔


کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے بولرز اننگز کی شروعات سے ہی میچ پر حاوی رہے اور شاندار گیند بازی کا مظاہرہ کیا۔

پہلے آؤٹ ہونے والے بلے باز چیڈوک والٹن تھے جو انور علی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔

آصف علی بھی کریز پر زیادہ عرصہ قیام نہ کرسکے اور راحت علی کی شاندار گیند پر کلین بولڈ ہوگئے۔

تیسرے آؤٹ ہونے والے بلے باز لیوک رونکی تھے جو حسان خان کی گیند پر 43 رنز کی تیز رفتار اننگز کھیل کر کلین بولڈ ہوگئے۔

اپنا پی ایس ایل ڈیبیو کررہے جے پی ڈومنی بھی متاثر کرنے میں ناکام رہے اور 26 گیندوں پر 14 رنز بناکر جان ہیسٹنگز کی بال پر آؤٹ ہوگئے۔

پی ایس ایل تھری کا پہلا میچ کھیل رہے کپتان مصباح الحق 22 رنز بناکر شین واٹسن کا شکار بنے۔

فہیم اشرف نے اننگز کے اختتام پر اسلام آباد کا مجموعہ بڑھانے کی کوشش کی تاہم 21 بناکر وہ بھی آؤٹ ہوگئے۔

انور علی، راحت علی، ہیسٹنگز، واٹسن  اور حسان خان نے کوئٹہ کی جانب سے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

48 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلنے پر پیٹرسن کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ یہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹورنامنٹ میں دوسری فتح تھی جبکہ انہیں ایک میچ میں شکست کا بھی سامنا کرنا پڑا۔

جمعرات کے روز کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پشاور زلمی کے درمیان پی ایس ایل کا دسواں میچ کھیلا جائے گا۔

Advertisement

@geonews_sport