Advertisement

کھیل
time icon 26 مارچ ، 2018

پی ایس ایل تھری: پاکستانی کھلاڑیوں کی پرفارمنس غیر ملکیوں پر حاوی

پاکستان سپر لیگ کا تیسرا ایڈیشن سنسنی خیز مقابلوں کے بعد اسلام آباد یونائیٹڈ کی فتح پر ختم ہوگیا۔

ٹورنامنٹ میں پاکستانی کھلاڑیوں کی پرفارمنس غیر ملکی کھلاڑیوں پر حاوی رہی، بیٹنگ اور بولنگ کے شعبوں میں پاکستانی کھلاڑی چھائے رہے۔

بیٹنگ

ٹورنامنٹ کے اختتام پر سب سے زیادہ رنز اسلام آباد یونائیٹڈ کے لیوک رونکی نے بنائے، انہوں نے 435 رنز اسکور کیے جبکہ کامران اکمل محض 10 رنز کے فرق سے حنیف محمد کیپ سے محروم ہوگئے۔

ٹورنامنٹ کی واحد سنچری بھی پشاور زلمی کے کامران اکمل کے نام رہی، انہوں ںے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف 107 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی تھی۔

ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ چھکے مارنے کا اعزاز بھی کامران اکمل کے نام رہا جنہوں نے 28 چھکے لگائے۔

البتہ کامران اکمل کے نام ایک منفی ریکارڈ بھی آیا اور وہ یہ کہ کامران اکمل پی ایس ایل تھری میں سب سے زیادہ 3 بار ڈک یعنی صفر پر آؤٹ ہوئے۔

بیٹنگ کے شعبے میں دیگر نمایاں پاکستانی بیٹسمینوں میں کراچی کنگز کے بابر اعظم رہے جنہوں نے 12 میچز میں پانچ نصف سنچریوں کی مدد سے 402 رنز اسکور کیے۔

بولنگ

بولنگ کے شعبے میں پاکستانی کھلاڑیوں نے غیر ملکی بولر کو مکمل طور پر آؤٹ کلاس کردیا اور ٹاپ تھری میں تین پاکستانی فاسٹ بولرز نے جگہ بنائی۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کے فاسٹ بولر فہیم اشرف 12 میچز میں 18 کھلاڑیوں کو آؤٹ کرکے ٹورنامنٹ کے بہترین بولر قرار پائے۔

دوسرے نمبر پر پشاور زلمی کے وہاب ریاض رہے اور انہوں نے بھی 18 شکار کیے تاہم بہترین اوسط پر فہیم اشرف کو ٹاپ پوزیشن ملی۔

تیسرے نمبر کراچی کنگز کے فاسٹ بولر عثمان خان شنواری رہے جنہوں نے 16 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے راحت علی 11 میچز میں 15 شکار کے ساتھ چوتھے بہترین بولر قرار پائے۔

ٹورنامنٹ میں بہترین بولنگ فیگر ملتان سلطانز کے فاسٹ بولر عمر گل نے حاصل کی، انہوں نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف میچ میں 4 اوورز میں 24 رنز دے کر 6 کھلاڑیوں کو ٹھکانے لگایا۔

اس کے بعد بہترین بولنگ کا مظاہرہ لاہور قلندرز کے نوجوان فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے کیا جنہوں نے ملتان سلطانز کے خلاف میچ میں 3.4 اوورز میں صرف 4 رنز دے کر 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

Advertisement

@geonews_sport