Advertisement

کھیل
time icon 03 مارچ ، 2018

پشاور زلمی کے ڈیرن سیمی انجری کا شکار

پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی زخمی ہونے کے باعث اگلے کئی روز کے لیے پاکستان سپر لیگ سے باہر ہو گئے۔

ڈیرن سیمی دو روز قبل کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف میچ میں بولنگ کے دوران زخمی ہو گئے تھے اور وہ آج لاہور قلندرز کے خلاف ہونے والے میچ میں شرکت نہیں کر سکیں گے۔

پاکستان سپرلیگ نے اپنے سوشل میڈیا پیج پر اس خبر سے آگاہ کیا ہے کہ ڈیرن سیمی آخری میچ میں زخمی ہو گئے تھے جس کی وجہ سے وہ اگلے کئی روز تک ایکشن میں نظر نہیں آ سکیں گے، وہ پشاور زلمی کے اسکواڈ کے ساتھ رہ کراپنی فٹنس پر توجہ دیں گے۔

خیال رہے کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف میچ میں ڈیرن سیمی زخمی ہونے کے باوجود بیٹنگ کرنے کے لیے آئے اور 4 گیندوں پر 16 رنز بنا کر اپنی ٹیم کو فتح دلا دی۔

ڈیرن سیمی کے علاوہ پشاور زلمی کے حارث سہیل بھی پریکٹس سیشن کے دوران زخمی ہو گئے تھے جس کے باعث لاہور قلندرز کے خلاف ہونے والے میچ میں انہیں آرام کا مشورہ دیا گیا ہے۔

Advertisement

@geonews_sport