Advertisement

کھیل
time icon 07 مارچ ، 2018

مسلسل ناقص کارکردگی، لاہور قلندرز کا عمر اکمل کو ڈراپ کرنے پر غور

دبئی: پاکستان سپر لیگ میں ناقص کارکردگی دکھانے کے بعد لاہور قلندرز کی مینجمنٹ عمر اکمل کو ڈراپ کرنے پر غور کررہی ہے۔

عمر اکمل لاہور قلندرز کے تین مہنگے ترین کرکڑز میں کپتان برینڈن میکلم اور سنیل نرائن کے ساتھ پلاٹینم کیٹگری کا حصہ ہیں البتہ ٹورنامنٹ کے پانچ میچوں میں انہوں نے محض 57 رنز بنائے ہیں۔

مسلسل پانچ میچوں میں شکست سے دوچار ہونے والی ٹیم ٹورنامنٹ کے 18ویں میچ میں دبئی میں اسلام آباد یونائیٹڈ کا مقابلہ کرے گی۔

قوی امکان ہے کہ 27 سال کے دائیں ہاتھ کے بیٹس مین عمر اکمل گیارہ کھلاڑیوں میں شامل نہیں ہوں گے تاہم اس معاملے میں حتمی فیصلہ کپتان برینڈن میکلم اور کوچ عاقب جاوید کریں گے۔

پاکستان کے لئے 16ٹیسٹ، 116 ون ڈے اور 82 ٹی 20 کھیلنے والے عمر اکمل ان دنوں پاکستان ٹیم سے بھی باہر ہیں۔

عمر اکمل نے پاکستان کے لئے آخری انڑنیشنل میچ 26 جنوری 2017ء کو ایڈیلیڈ میں آسڑیلیا کے خلاف ون ڈے کی شکل میں کھیلا تھا۔

عمر اکمل جن کے تعلقات کوچ مکی آرتھر کیساتھ بھی کشیدہ ہیں ،ان کے کیرئیر کے لئے پی ایس ایل تھری ایک اہم ٹورنامنٹ تصور کیا جا رہا تھا۔

تاہم لاہور قلندرز کی جانب سے انہیں باہر بٹھانے پر غور کیے جانے کے بعد ان کی مشکلات بڑھتی ہوئی محسوس ہو رہی ہیں۔

لاہور قلندرز اب تک ٹورنامنٹ میں پانچ میچز کھیل چکی ہے تاہم تمام ہی میچز میں اسے شکست کا کڑوا گھونٹ پینا پڑا۔

Advertisement

@geonews_sport