Advertisement

کھیل
time icon 09 مارچ ، 2018

واٹسن کی برق رفتار اننگز، کوئٹہ کراچی کیخلاف 68 رنز سے کامیاب


دبئی: شین واٹسن کی شاندار اننگز کی بدولت پاکستان سپر لیگ تھری کے 19ویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے کراچی کنگز کو 67 رنز سے شکست دیدی جو کہ پی ایس ایل کی تاریخ میں فتح کا سب سے بڑا مارجن ہے۔

دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں کوئٹہ کے 181 رنز کے ہدف کے تعاقب میں کوئٹہ کسی موقع پر بھی میچ میں کامیاب ہوتی نظر نہ آئی اور وقفے وقفے سے وکٹیں گنواتی رہی۔

ہدف کے تعاقب میں کراچی کنگز کی جانب سے جو ڈینلی کے ساتھ شاہد آفریدی کو اوپنر بھیجا گیا۔

تاہم یہ فیصلہ درست ثابت نہ ہوسکا اور آفریدی صرف ایک رن بناکر آؤٹ ہوگئے۔ جو ڈینلی بھی صرف ایک رن ہی بناسکے۔










کوئٹہ کی جانب سے شاندار گیند بازی کا سلسلہ جاری تھا ایسے میں کولن انگرام نے بڑا شاٹ مارنے کی کوشش کی تاہم حسان خان کی گیند پر محمد نواز کو کیچ دے بیٹھےجبکہ روی بوپارا پہلی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔

کراچی کنگز کا مطلوبہ رن ریٹ بڑھ رہا تھا ایسے میں بابر اعظم نے شین واٹسن کی گیند پر بڑا شاٹ مارنے کی کوشش کی تاہم انور علی نے شاندار کیچ پکڑ کر ان کی اننگز کا اختتام کردیا۔

عماد وسیم اور محمد رضوان نے کوشش کی تاہم مطلوبہ رن ریٹ کراچی کی پہنچ سے دور ہونے لگا جبکہ وکٹیں گرنے کا سلسلہ بھی جاری رہا۔

کراچی کے لیے عماد وسیم 35، بابر اعظم 32 اور محمد رضوان 26 رنز کے ساتھ نمایاں رہے جبکہ کوئٹہ کی جانب سے انور علی اور راحت علی نے دو، دو اور حسن خان، لافلن، محمد نواز اور شین واٹسن نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔


اس سے قبل شین واٹسن اور کیون پیٹرسن کی شاندار بلے بازی کی بدولت کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے کراچی کنگز کو 181 رنز کا ہدف دے دیا۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو واٹسن اور اسد شفیق کی جانب سے 60 رنز کا شاندار آغاز فراہم کیا گیا۔

اسد شفیق نے کم بیک کررہے شاہد آفریدی کے اوور کی پہلی دو گیندوں پر چوکے لگائے تاہم اسی اوور میں ان کے خلاف ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔

 اس کے بعد کریز پر شین واٹسن کو کیون پیٹرسن نے جوائن کیا جنہوں نے کوئٹہ کے گیندبازوں کے خلاف شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کی پوزیشن مضبوط کردی۔ دونوں کے درمیان 86 رنز کی شراکت قائم ہوئی۔

پیٹرسن 34 گیندوں پر 52 رنز کے انفرادی اسکور پر عثمان شنواری کی گیند پر روی بوپارا کے ہاتھوں آؤٹ ہوگئے۔

پیٹرسن کے آؤٹ ہونے کے بعد ریلی روسو (13) اور انور علی (6) بھی جلدی آؤٹ ہوگئے تاہم واٹسن (*90) کا بلا رنز اگلتا رہا اور اپنی ٹیم کو 180 رنز کے اسکور پر پہنچانے میں کامیاب رہے۔

کراچی کی جانب سے شاہد آفریدی، محمد عامر، عرفان جونیئر اور عثمان شنواری ایک، ایک وکٹ لینے میں کامیاب رہے۔

میچ وننگ اننگز کھیلنے پر شین واٹسن کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

فتح کے بعد کوئٹہ کی ٹیم 8 پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر دوسرے نمبر پر آگئی جبکہ کراچی کی ٹیم 7 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر موجود ہے۔

جمعے کو پی ایس ایل تھری میں دو میچز کھیلے جائیں گے۔ پشاور زلمی اسلام آباد یونائیٹڈ جبکہ ملتان سلطانز کراچی کنگز کے مدمقابل ہوں گے۔

Advertisement

@geonews_sport