Advertisement

کھیل
time icon 10 مارچ ، 2018

کوئٹہ پشاور کیخلاف 6 وکٹوں سے کامیاب، لاہور پی ایس ایل 3 سے باہر


دبئی: کپتان سرفراز احمد کی ذمہ دارانہ اننگز کے باعث پاکستان سپر لیگ کے 23ویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پشاور زلمی کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی۔

کوئٹہ کی فتح کے نتیجے میں لاہور قلندرز کی ٹیم ٹورنامنٹ سے باہر ہوچکی ہے جو اب تک کھیلے گئے 7 میچوں میں سے صرف ایک سے کامیاب ہوسکی ہے۔

دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں زلمی کے 158 رنز کے تعاقب میں کوئٹہ کی ایک موقع پر 84 رنز پر چار وکٹیں گرگئی تھیں تاہم اس موقع پر سرفراز احمد اور ریلی روسو کے درمیان 74 رنز کی ناقابل شکست شراکت قائم ہوئی جس نے کوئٹہ کو فتح سے ہمکنار کروایا۔

 کوئٹہ کے لیے اننگز کا آغاز اسد شفیق اور شین واٹسن نے کیا تاہم 30 رنز کے مجموعی اسکور پر 9 رنز بناکر اسد حسن علی کی گیند پر محمد حفیظ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔










اگلے آؤٹ ہونے والے بلے باز شین واٹسن تھے جو عمید آصف کی گیند پر فائن لیگ پر کھیلنا چاہتے تھے تاہم وکٹ کیپر کامران اکمل کو کیچ دے بیٹھے۔










کیون پیٹرسن نے لائم ڈوسن کے اوور میں دو چھکے لگائے تاہم اوور کی آخری گیند پر ڈوسن نے ان کی وکٹ لے کر حساب پورا کردیا۔

رمیز راجہ جونیئر بھی خاطر خواہ کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے اور 9 رنز بناکر وہاب ریاض کی گیند پر ڈیرن سیمی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔

رمیز راجہ کے آؤٹ ہونے کے بعد کریز پر ریلی روسو کو سرفراز احمد نے جوائن کیا جنہوں نے 31 گیندوں پر 6 چوکوں کی مدد سے 45 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی۔

روسو اور سرفراز کے درمیان 74 رنز کی ناقابل شکست شراکت قائم ہوئی جس نے کوئٹہ کو پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن پر لاکھڑا کیا۔

پشاور زلمی کی جانب سے وہاب ریاض، حسن علی، عمید آصف اور لائم ڈوسن نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔


اس سے قبل ڈوئن اسمتھ کے جارحانہ آغاز کی بدولت پشاور زلمی نے اپنے مقررہ 20 اوورز میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرزکے خلاف 157 رنز اسکور کیے۔

 کامران اکمل محمد نواز کی شاندار گیند کا نشانہ بنے اور بغیر کوئی رن بنائے اپنی پہلی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے۔










اس کے بعد ڈوئن اسمتھ اور محمد حفیظ نے مل کر 56 رنز کی جارحانہ شراکت قائم کی تاہم 49 رنز کے انفرادی اسکور پر ڈوئن اسمتھ آؤٹ ہوگئے۔

ڈوئن اسمتھ نے اپنی اننگز میں پانچ فلک شگاف چھکے لگائے تاہم واٹسن کی گیند پر وہ کیون پیٹرسن کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔

ڈوئن اسمتھ کے بعد محمد حفیظ بھی لافلن کی گیند پر 31 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔










حفیظ کے آؤٹ ہونے کے بعد زلمی کی وکٹیں گرنے کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ خوش دل شاہ اور لائم ڈاؤسن بالترتیب 4 اور 2 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔










اس موقع پر کپتان سیمی اور رکی ویسلز کی 56 رنز کی شراکت نے زلمی کو قابل دفاع اسکور 157 رنز تک پہنچایا۔ سیمی 36 جبکہ ویسلز 31 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

کوئٹہ کی جانب سے شین واٹسن نے دو جبکہ راحت علی، محمد نواز اور بین لافلن نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

ذمہ دارانہ اننگز کھیلنے پر سرفراز احمد کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

فتح کے نتیجے میں کوئٹہ کی ٹیم 10 پوائںٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر آگئی ہے جبکہ پشاور کی ٹیم پانچویں نمبر پر موجود ہے۔

اتوار کو کراچی کنگز کا لاہور قلندرز سے مقابلہ ہوگا۔

Advertisement

@geonews_sport