15 مارچ ، 2018
کراچی: نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں 25 مارچ کو کھیلے جانے والے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے فائنل کے لیے تمام ٹکٹس چند گھنٹوں میں فروخت ہوگئے۔
کورئیر کمپنی ( ٹی سی ایس) نے اعلان کیا ہے کہ پی ایس ایل فائنل کے لئے نیشنل اسٹیڈیم کے تمام 15 انکلوژر کے ٹکٹس فروخت ہوگئے جو ایک، 4، 8 اور 12 ہزار روپے میں دستیاب تھے۔
کورئیر کمپنی کی مقرر کردہ 32 شاخوں پر ٹکٹس کی فروخت کا عمل صبح 9 بجے شروع ہوا تو شائقین کی بڑی تعداد ٹکٹ کے حصول کے لئے گھنٹوں قطاروں میں کھڑی رہی۔
ابتدائی 2 گھنٹے میں ایک ہزار روپے میں دستیاب ٹکٹ ختم ہوگئے جس کے بعد ایک ہزار روپے میں ٹکٹس لینے کے خواہشمند افراد نے 4 ہزار روپے والے ٹکٹس خریدے جب کہ بعض شائقین نے ٹکٹ بلیک کرنے کے بھی الزامات عائد کیے۔
سہ پہر ساڑھے تین بجے کورئیر کمپنی نے تمام ٹکٹس کی فروخت کا اعلان کیا اور ٹکٹس ختم ہونے کے باوجود شائقین کوریئر کمپنی کی مختلف شاخوں کے باہر قطاروں میں کھڑے رہے اور ٹکٹس نہ ملنے پر مایوسی کا اظہار کیا۔
کراچی میں آئی آئی چندریگر روڈ، حیدری، ایئر پورٹ، آرٹس کونسل اور شاہین کمپلکس پر واقع ٹی سی ایس مراکز پر شائقین گھنٹوں قطاروں میں لگے رہے اور الزام عائد کیا کہ ایک ہزار روپے کے ٹکٹ چھپا لیے گئے۔
ٹکٹ کے حصول کے لیے شہریوں کو شناختی کارڈ ساتھ لے جانے کی ہدایت کی گئی تھی اور ایک شناختی کارڈ پر صرف 5 ٹکٹ ہی خریدے جاسکتے تھے۔
ٹیم | میچ | پوائنٹ |
---|---|---|
لاہور قلندرز | 10 | 14 |
ملتان سلطان | 10 | 12 |
اسلام آباد یونائیٹڈ | 10 | 12 |
پشاور زلمی | 10 | 10 |
کراچی کنگز | 10 | 6 |
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز | 10 | 6 |