Advertisement

کھیل
time icon 16 مارچ ، 2018

کراچی کنگز نے اسلام آباد کو 7 وکٹوں سے شکست دیکر پلے آف کیلئے کوالیفائی کر لیا

شارجہ: پی ایس ایل کے آخری لیگ میچ میں کراچی کنگز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو شکست دیکر پلے آف مرحلے کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔

شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں کراچی نے اسلام آباد کی جانب سے دیا گیا 125 رنز کا ہدف 17 اوور میں 3 وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا۔

کراچی کنگز کی جانب سے اننگز کا آغاز خرم منظور اور جوائے ڈنلے نے کیا لیکن خرم منظور چوتھے اوور میں 15 رنز بنا کر اسٹیون فن کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔

فہیم اشرف نے 69 کے مجموعی اسکو پر جوائے ڈنلے کو بولڈ کر دیا جبکہ تین رنز کے اضافے کے بعد ای مورگن بھی شاداب خان کی گیند پر وکٹوں کے پیچھے کیچ آؤٹ ہو گئے۔

تین کھلاڑیوں کے آؤٹ کرنے کے بعد کولن انگرام اور بابر اعظم نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرایا۔

کولن انگرام 31 اور بابراعظم 29 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

قبل ازیں اسلام آباد کی جانب سے اننگز کا آغاز جے پی ڈومنی اور ایلکس ہیلز نے کیا تاہم چوتھے اوور میں یونائیٹڈ کے دونوں اوپنرز پویلین لوٹ گئے۔

اسلام آباد کو پہلا نقصان دوسرے اوور میں ہوا جب ڈومنی عثمان شنواری کی اندر کی جانب آتی گیند کو سمجھ نہ سکے اور ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔

یونائیٹڈ کے اگلے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی ایلکس ہیلز تھے جنہیں محمد عرفان جونیئر نے اپنی ہی گیند پر کیچ آؤٹ کیا۔

شاہد آفریدی نے نویں اوور میں مصباح الحق کو 19 کے انفرادی اسکور پر بولڈ کیا تو اگلے اوور میں محمد عرفان نے 61 کے مجموعی اسکور پر حسین طلعت کو  کیچ آؤٹ کرا دیا۔

گیارہویں اوور میں شاہد آفریدی نے چیڈوک والٹن کو بھی بولڈ کردیا، انہوں نے 21 رنز کی اننگز کھیلی۔

آصف علی کے سوا اسلام آباد کا کوئی بھی کھلاڑی اچھا پرفارم نہ کر سکا، انہوں نے 14 گیندوں پر 4 چھکوں کی مدد سے 34 رنز بنائے۔

کراچی کنگز کی جانب سے ایک بار پھر عثمان شنواری نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 اوورز میں صرف 17 رنز دیکر 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، شاہد آفریدی اور محمد عرفان جونیئر کے حصے میں دو، دو وکٹیں آئیں جبکہ ایک ایک وکٹ محمد عامر اور ٹائمل ملز کو ملی۔

شاندار بولنگ پر عثمان شنواری کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

کراچی کنگز اس فتح کے ساتھ ہی پوائنٹس ٹیبل پر دوسرے نمبر پر آ گیا ہے اور اب 18 مارچ کو دبئی میں ہونے والے پہلے پلے آف میں اس کا مقابلہ اسلام آباد کے ساتھ ہو گا۔

Advertisement

@geonews_sport