21 مارچ ، 2018
لاہور: کامران اکمل کی طوفانی اننگز کے باعث پشاور زلمی نے کراچی کنگز کو 13 رنز سے شکست دے کر پاکستان سپر لیگ تھری کے فائنل میں جگہ بنالی۔
25 مارچ کو کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے فائنل میں پشاور زلمی کا مقابلہ اسلام آباد یونائیٹڈ سے ہوگا۔
لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے دوسرے ایلیمینیٹر میں 171 رنز کے ہدف کے تعاقب میں کراچی کنگز نے بھی اچھی بیٹنگ کا مظاہرہ کیا تاہم 16 اوورز کے اختتام پر دو وکٹوں کے نقصان پر 157 رنز ہی بناسکی۔
بارش کے باعث 16 اوورز تک محدود ہونے والے میچ میں کراچی کنگز کے پہلے آؤٹ ہونے والے بیٹسمین مختار احمد تھے جو ایک رن بناکر ثمین گل کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔
پہلی وکٹ کے بعد بابر اعظم اور جو ڈینلی کے درمیان 117 رنز کی شاندار شراکت قائم ہوئی تاہم اپنی ٹیم کے لیے میچ فنش نہ کرسکے۔
بابر اعظم نے 45 گیندوں پر 63 جبکہ جو ڈینلی نے 46 گیندوں پر 79 رنز کی شاندار اننگز کھیلیں۔
پشاور کی جانب سے حسن علی اور ثمین گل نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
اس سے قبل کامران اکمل کی طوفانی اننگز نے پشاور زلمی کو کراچی کنگز کے خلاف 170 کے اسکور تک پہنچادیا۔
پشاور زلمی کی جانب سے آندرے فلیچر اور کامران اکمل اوپن کرنے آئے اور 107 رنز کی شاندار شراکت قائم کی۔
کامران اکمل نے پی ایس ایل کی تاریخ کی تیز ترین نصف سنچری 17 گیندوں پر اسکور کی۔ اس سے قبل یہ ریکارڈ اسلام آباد یونائیٹڈ کے لیوک رونکی کے پاس تھا۔
واضح رہے کہ یہ میچ بارش کے باعث 16 اوورز تک محدود تھا۔
کامران اکمل نے عثمان شنواری کے ایک اوور میں تین چوکوں اور دو چھکوں کی بدولت 25 رنز حاصل کیے۔ اس اوور کے بعد دفاعی چیمپئنز سے پیچھے مڑکر نہیں دیکھا۔
پشاور کے پہلے آؤٹ ہونے والے بیٹسمین آندرے فلیچر تھے جو 30 گیندوں پر 34 رنز بناکر روی بوپارا کی گیند کا شکار بنے۔
دوسرے اینڈ سے کامران اکمل کی جارحانہ بیٹنگ جاری تھی تاہم روی بوپارا کے ہی اوور میں وہ بھی پوائنٹ پر فیلڈر کو کیچ دے بیٹھے۔
کامران اکمل نے 27 گیندوں پر 77 رنز کی طوفانی اننگز کھیل پر اپنی ٹیم کی پوزیشن کو انتہائی مضبوط بنادیا۔
پشاور کے آگے آنے والے بلے بازوں نے بھی جارحانہ بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا۔ کپتان ڈیرن سیمی 12 گیندوں پر 23 رنز بنانے میں کامیاب رہے۔
اختتامی اوورز میں زلمی کی کچھ گریں تاہم اس کے باوجود ٹیم 171 رنز کا پہاڑ جیسا ہدف دینے میں کامیاب رہی۔
کراچی کنگز کی جانب سے روی بوپارا نے تین، ٹائمل ملز نے دو جبکہ عثمان شنواری نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
شاندار اننگز کھیلنے پر کامران اکمل کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
لاہور میں گزشتہ روز کی طرح آج بھی بارش ہوئی جس کی وجہ سے میچ تاخیر کے بعد شروع ہوا جبکہ اسے 16، 16 اوورز تک محدود کردیا گیا تھا۔
پاکستان سپر لیگ کے تیسرے ایڈیشن کا فائنل 25 مارچ کو پشاور زلمی اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔
پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی مکمل طور پر فٹ نہیں تھے تاہم اس کے باوجود انہوں نے میچ میں شرکت کرکے لاہور کے شائقین کے دل جیت لیے۔
مایہ ناز آل راؤنڈر شاہد آفریدی گھٹنے میں تکلیف کا شکار ہیں جس کی وجہ سے وہ آج کا میچ نہیں کھیل سکے۔
یاد رہے کہ کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم کے زخمی ہونے کے بعد انگلش کرکٹر این مورگن نے بلیو شرٹس کی قیادت کی تھی۔
ٹیم | میچ | پوائنٹ |
---|---|---|
لاہور قلندرز | 10 | 14 |
ملتان سلطان | 10 | 12 |
اسلام آباد یونائیٹڈ | 10 | 12 |
پشاور زلمی | 10 | 10 |
کراچی کنگز | 10 | 6 |
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز | 10 | 6 |