Advertisement

کھیل
time icon 26 مارچ ، 2018

اگلے پی ایس ایل کے میچز پاکستان کے 4 شہروں میں ہوں گے، نجم سیٹھی

چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ اگلے پی ایس ایل کے میچز کراچی اور لاہور سمیت پاکستان کے 4 شہروں میں ہوں گے۔

کراچی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ آج کے میچ سے پاکستان میں کرکٹ کے دروازے کھل گئے ہیں اور ویسٹ انڈیز کی ٹیم بھی پاکستان آ رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سارا کریڈیٹ عوام کو دیتا ہوں، اگر عوام نہ چاہتے تو یہ کبھی ممکن نہ ہوتا۔

انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت نے ہمارے ساتھ بہت تعاون کیا لیکن وی آئی پی ہماری مجبوری ہیں، نیشنل اسٹیڈیم میں کارپوریٹ باکسز کی تعداد بڑھائی جائے گی۔

چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ اگلے سال پی ایس ایل کے میچز دبئی کے علاوہ پاکستان کے 4 شہروں کراچی، لاہور، ملتان اور حیدر آباد میں ہوں گے۔

نجم سیٹھی نے بتایا کہ آئی سی سی سیکیورٹی کنسلٹنٹ ریک ڈیکیشن کی رپورٹ نے پی ایس ایل فائنل کراچی میں کروانے میں اہم کردار ادا کیا۔

غیر ملکی کھلاڑیوں کو پاکستان لانے کے حوالے سے معاہدے پر نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ معاہدے میں غیر ملکی کھلاڑیوں کی پاکستان آنے کی شق شامل ہوتی ہے لیکن کسی وجہ سے پاکستان نہ آنے کی گنجائش بھی شامل ہوتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ مستقبل میں کوشش ہو گی کہ معاہدے پر دستخط کرنے والے غیر ملکی کھلاڑی پاکستان آئیں۔

Advertisement

@geonews_sport