Advertisement

کھیل
time icon 16 فروری ، 2019

پی ایس ایل کی کوریج کرنے والے بھارتی کریو کی پاکستان آمد کے امکانات کم

ابھی تک کریو پروگرام کے مطابق پاکستان جائے گا تاہم غیر معمولی صورتحال کی صورت میں متبادل پلان موجود ہے، پاکستان کرکٹ بورڈ — فوٹو:فائل 

پاکستان اور بھارت کے درمیان جاری سیاسی کشیدگی کے باعث اس بات کے امکانات روشن ہیں کہ پاکستان سپر لیگ کی کوریج کرنے والے کریو میں شامل دو درجن سے زائد بھارتی شہری کراچی اور لاہور کیلئے سفر نہیں کرسکیں گے۔

کوریج کریو میں متعدد کیمرہ مین، ڈائریکٹر اور پروڈیوسر سمیت دیگر ٹیکنیکل عملہ بھی شامل ہے تاہم پی سی بی نے پلان بی کے تحت پاکستانی کریو کو تیار رہنے کی ہدایت کی ہے ۔

پی سی بی کے ڈائریکٹر میڈیا سمیع الحسن نے بتایا کہ اس بارے میں فیصلہ سیکیورٹی ماہرین کی مشاورت سے کریں گے، ہم صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں اور صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ابھی تک کریو پروگرام کے مطابق پاکستان جائے گا تاہم غیر معمولی صورتحال کی صورت میں پی سی بی کے پاس متبادل پلان موجود ہے۔ 

بھارتی کریو کی عدم موجودگی میں پاکستان سپرلیگ کے پاکستان میں ہونے والے آٹھ میچوں کی کوریج کی کوالٹی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ 

پی سی بی نے پی ایس ایل کی کوریج کیلئے ایک بھارتی کمپنی کی خدمات حاصل کی ہوئیں ہیں اور یہی وجہ ہے کریو میں اکثریت بھارتی شہریوں کی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ کریو کیلئے پاکستانی ویزے دبئی سے حاصل کئے جارہے ہیں تاہم کریو کا کہنا ہے کہ اگر ہم نے فارن آفس کی ہدایت کو نظر انداز کرکے پاکستان کا سفر کیا تو وطن واپسی پر ہمیں مشکلات پیش آسکتی ہیں۔

کراچی اور لاہور کے میچوں کیلئے پی سی بی نے دو مختلف کریو کی خدمات حاصل کیں تھیں تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ اب پاکستانی کریو کی خدمات حاصل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔




Advertisement

@geonews_sport