Advertisement

کھیل
time icon 17 مارچ ، 2019

’پی ایس ایل کی طرح انٹرنیشنل کرکٹ کا آغاز بھی کراچی سے ہو گا‘


کراچی: پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن کی اختتامی تقریب سے خطاب میں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل کی طرح انٹرنیشنل کرکٹ کا آغاز بھی نیشنل اسٹیڈیم سے ہی ہوگا۔

کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں پاکستان سپر لیگ کی اختتامی تقریب میں نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ میں دو مساجد پر دہشت گردانہ حملے میں شہید افراد سے اظہار یکجہتی کیا گیا۔ 

شہداء سے اظہار یکجہتی کیلئے گراؤنڈ میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔

تقریب سے خطاب میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسانی مانی کا کہنا تھا کہ آج پاکستان خصوصی طور پر کراچی کیلئے تاریخی دن ہے، اسٹیڈیم میں 28 ہزار سے زائد تماشائی جب کہ کراچی میں ہونے والے میچز میں دو لاکھ سے زائد افراد اسٹیڈیم آچکے ہیں، اس کے علاوہ لاکھوں کی تعداد میں لوگ پی ایس ایل سے انٹرنیٹ و ٹیلی ویژن پر لطف اندوز ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کرکٹ ہی لوگوں کی زندگی میں خوشی لاتا ہے اور یہ سبق ہمیں نہیں بھولنا چاہیے۔

احسان مانی نے پی ایس ایل کے کامیاب انعقاد پر وزیراعظم، وزیراعلیٰ سندھ، سندھ پولیس، ڈی جی رینجرز سندھ، میئر کراچی، کمشنر کراچی اور دیگر حکام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ جس طرح انہوں نے ہماری مدد کی ہے، اس کا کوئی مقابلہ نہیں کرسکتا۔

ان کا کہنا ہے کہ دونوں ٹیموں کی پوری کوشش ہوگی کہ ٹائٹل اپنے ساتھ لیکر جائیں اور آج جو ٹیم بہتر کھیلے گی وہ ٹرافی لیکر جائے گی لیکن میرے خیال میں سب سے بڑا انعام کراچی کو ملنا چاہیے جس طرح لوگوں نے پی ایس ایل کو سپورٹ کیا ہے۔

پی سی بی چیئرمین نے غیر ملکی کھلاڑیوں اور اسٹاف کا بھی شکریہ ادا کرتے ہوئے اگلے سال پی ایس ایل کے تمام میچز پاکستان میں کرانے کا اعلان کیا۔

تقریب سے خطاب میں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ دو سال پہلے اسی گراؤنڈ پر وعدہ کیا تھا کہ پی ایس ایل کراچی میں کرائیں گے اور آج کراچی والو، ہم نے کر دکھایا، پچھلے سال پی ایس ایل کا فائنل کراچی میں ہوا اور اس سال پی ایس ایل کے تمام میچز ہم نے کراچی میں کرائے۔

انہوں نے کہا کہ یہ جیت کراچی والوں کی جیت ہے اور اگلے سال پورے ملک کے لوگ کراچی کی طرح پی ایس ایل کو کامیاب کرائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت سندھ کی کوشش رہی ہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ بھی جلد پاکستان میں شروع ہو اور انشاء اللہ انٹرنیشنل کرکٹ کا آغاز بھی کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم سے ہی ہوگا۔

وزیراعلیٰ سندھ نے تقریر کے اختتام پر ’پاکستان زندہ باد‘ کے فلگ شگاف نعرے بھی لگائے۔

بعدازاں ابرار الحق، آئمہ بیگ، فواد خان اور جنون گروپ نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا اور ساتھ ہی اسپینش اسٹار فٹبالر کارلس پیول بھی اسٹیج پر پہنچے۔



Advertisement

@geonews_sport