Advertisement

پاکستان
time icon 08 مارچ ، 2021

پی ایس ایل کے ملتوی ہونے کے معاملے پر فرنچائز مالکان نے شکایات کے انبار لگا دیے

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چھٹے سیزن کے ملتوی ہونے کے معاملے پر منعقدہ اجلاس میں فرنچائز مالکان نے شکایات کے انبار لگا دیے۔

 پاکستان سپر لیگ کے معاملے پر ورچوئل اجلاس میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی، چیف ایگزیکٹو وسیم خان، سی او او سلمان نصیر، ڈائریکٹر کمرشل بابر حامد اور فرنچائز مالکان نے شرکت کی۔

اجلاس میں فرنچائز مالکان نے اجلاس میں شکایات کے انبار لگائے اور انہوں نے مطالبہ کیا معاملات کا از سر نو جائزہ لیا جائے۔

فرنچائز مالکان نے کہا کہ اہم معاملات پر مشاورت نہیں کی جاتی جبکہ کوویڈ پروٹوکولز پر بھی بات نہیں کی گئی اور معاملات کو دور رکھنے کی وجہ سے صورتحال خراب ہو ئی۔

چیئرمین احسان مانی نے تمام باتیں تحمل سے سنیں اور تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ مستقبل میں شکایت کا موقع نہیں ملے گا جو ہو چکا ہے ویسا نہیں ہو گا۔

اجلاس میں پی ایس ایل کے باقی ماندہ میچز کیلئے لاہور اور راولپنڈی کے وینیوز پر بات ہوئی جبکہ دورہ افریقا کے ملتوی ہونے کی صورت میں اس ماہ کی آخر کی ونڈو پر بھی بات ہوئی تاہم حتمی بات چیت اگلی میٹنگ میں ہوگی۔

Advertisement

@geonews_sport