Advertisement

کھیل
time icon 08 جون ، 2021

بین ڈنک کو زیادہ چوٹ نہیں لگی، وہ فٹ اور کل کے میچ کے لیے دستیاب ہیں، سہیل اختر

‏پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) فرنچائز  لاہور قلندرز کے کپتان سہیل اختر کا کہنا ہے کہ موسم کے خلاف کوئی پلان نہیں کر سکتا لیکن جو سہولیات ہمیں دی جا رہی ہیں اس سے فائدہ ہو گا، ویسے بھی ہم پروفیشنل کھلاڑی ہیں ہمیں ہر موسم میں کھیلنے کا عادی ہونا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے ساتھ شامل آسٹریلوی کھلاڑیوں کو شروع میں مشکل ہو ئی تھی ان کا کہنا تھا کہ ہم 4 سینٹی گریڈ کے موسم سے آئے ہیں اور یہاں شدید گرمی ہے لیکن اب وہ اس کے عادی ہو چکے ہیں ۔ ہمیں یہاں پہلے پہنچنے کا بھی فائدہ ہوا ہے، اکٹھا کھیلنا اچھا ثابت ہوا ہے ۔

خیالر ہے کہ ‏پی ایس ایل کے بقیہ میچز کا کل سے آغاز لاہور قلندرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے میچ سے ہونے جا رہا ہے۔

‏سہیل اختر نے کہا کہ ہمارے ابھی 6 میچز باقی ہیں ، یہ ٹارگٹ نہیں بنایا ہوا کہ تمام میچز جیتنے ہیں ہم ایک ایک میچ کا پلان کریں گے اور پھر آگے بڑھیں گے  کوشش ہو گی کہ شروع سے مومینٹم حاصل کریں ۔

‏ لاہور قلندرز کے کپتان سہیل اختر کا کہنا ہے کہ بین ڈنک کو زیادہ چوٹ نہیں لگی تھی،  وہ اب فٹ ہیں اور کل کے میچ کے لیے دستیاب ہیں۔

‏سہیل اختر نے کہا کہ میچز میں ٹاس کا رول اہم ہو گا، اوس سے فرق پڑے گا لیکن یہ سب کنڈیشنز دونوں ٹیموں کے لیے ہیں۔

‏ سہیل اختر نے کہا کہ ہم ماضی کو بھول چکے ہیں ، ہماری حالیہ پرفارمنسز اچھی رہی ہیں ، ابوظبی میں لاہور قلندرز اور میری یادیں اچھی ہیں،  پرفارمنسز بھی یہاں اچھی رہی ہیں اس مرتبہ بھی ہم اچھی یادیں لے کر یہاں سے جائیں گے ۔

‏انہوں نے کہا کہ کمبی نیشن میں تبدیلی ضرور ہو ئی ہے لیکن دستیاب کھلاڑی بھی اچھے ہیں ، زیادہ تبدیلیوں سے فرق نہیں پڑے گا،  ڈیوڈ ویسا کی کمی پوری نہیں کی جا سکتی لیکن بڑی امید ہے جیمز فاکنر ان کی کمی کو پورا کریں گے ،   راشد خان ٹاپ کلاس بولر ہیں ان کی موجودگی سے جہاں ٹیم کو فائدہ ہو گا وہاں پلئیرز ڈویلپمنٹ کے کھلاڑیوں کو ان کے تجربے سے سیکھنے کا موقع ملے گا۔

Advertisement

@geonews_sport