Advertisement

کھیل
time icon 29 جنوری ، 2022

نسیم شاہ کی 5 وکٹیں، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے کراچی کنگز کو شکست دے دی

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 7 ویں ایڈیشن کے چوتھے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے کراچی کنگز  کو 8 وکٹوں سے شکست دے دی۔

کراچی کنگز کا 114 رنز کا ہدف کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے بآسانی 16 ویں اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا۔ 

کراچی کنگز کی اننگز

کراچی کنگز کی جانب سے اننگز کا آغاز مایوس کن رہا— فوٹو: کراچی کنگز
کراچی کنگز کی جانب سے اننگز کا آغاز مایوس کن رہا— فوٹو: کراچی کنگز

نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پہلے  فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔

کراچی کنگز کی جانب سے اننگز کا آغاز مایوس کن رہا اور 34 کے مجموعی اسکور پر آدھی ٹیم پویلین لوٹ گئی۔ 

بابر اعظم اور عماد وسیم نے لڑکھڑاتی بیٹنگ لائن کو سہارا دینے کی کوشش کی لیکن ٹیم کوئی بڑا ہدف دینے میں ناکام ہوگئی۔

کنگز کی ٹیم 18 ویں اوورز میں 113 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ بابر اعظم 32اور عماد وسیم 26 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

گلیڈی ایٹرز کی جانب سے نسیم شاہ نے تباہ کن بولنگ کی اور 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ سہیل تنویر نے دو، محمد حسنین، محمد نواز اور جیمز فالکنر نے ایک ایک کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی اننگ

احسان علی 57 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے— فوٹو: پی ایس ایل
احسان علی 57 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے— فوٹو: پی ایس ایل

کراچی کنگز کے 114 رنز کے ہدف کے تعاقب میں کوئٹہ کا آغاز مستحکم رہا اور پہلی وکٹ کی شراکت میں 76 رنز بنے۔ ول اسمیڈ 30 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ اس کے بعد بین ڈکٹ 2 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

احسان علی کی شاندار بیٹنگ کے بدولت گلیڈی ایٹرز نے 16 ویں اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر بآسانی ہدف حاصل کرلیا۔

احسان علی 57 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔ کراچی کنگز کی جانب سے محمد عمران نے ایک وکٹ حاصل کی۔

بہترین بولنگ پر نسیم شاہ کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔

Advertisement

@geonews_sport