Advertisement

کھیل
time icon 02 فروری ، 2022

پی ایس ایل7:لاہور قلندرز نے پشاور زلمی کو 29 رنز سے مات دے دی

ڈیو فیکٹر کے باعث بولنگ کا فیصلہ کیا، سیکنڈ بولنگ میں ڈیو فیکٹر زیادہ ہورہا ہے، وہاب ریاض— فوٹو: زلمی آفیشل
ڈیو فیکٹر کے باعث بولنگ کا فیصلہ کیا، سیکنڈ بولنگ میں ڈیو فیکٹر زیادہ ہورہا ہے، وہاب ریاض— فوٹو: زلمی آفیشل

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے ساتویں ایڈیشن کے 9 ویں میچ میں لاہور قلندرز نے پشاور زلمی کو  29 رنز سے شکست دے دی۔

لاہور قلندرز کے 200 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پشاور زلمی کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں پر 170رنز بناسکی، حیدر علی 49رنز بناکر نمایاں رہے۔

کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں زلمی کے کپتان وہاب ریاض نے ٹاس جیت کر لاہور قلندرز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

لاہور قلندرز نے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 199رنز بنائے، فخر زمان 66 رنز بناکر نمایاں رہے۔

 لاہور قلندرز کی اننگز

راشد خان 8 گیندوں پر 22 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے —فوٹو: پی ایس ایل
راشد خان 8 گیندوں پر 22 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے —فوٹو: پی ایس ایل

لاہور کی اننگز کا آغاز شاندار رہا اوپنر فخر زمان اور عبداللہ شفیق کے درمیان 94 رنز کی شاندار شراکت داری قائم ہوئی، تاہم عبداللہ 41 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔

قلندرز کو دوسرا نقصان سیٹ بیٹر فخر زمان کی صورت میں اٹھانا پڑا، وہ 66 رنز بناکر پویلین لوٹے جبکہ کامران غلام 30 رنز بناسکے۔

اختتامی اوورز میں محمد حفیظ اور راشد خان کی جارحانہ بیٹنگ کی بدولت لاہور نے مقررہ 20 اوورز میں4 وکٹوں کے نقصان پر 199 رنز بنائے۔

حفیظ 19 گیندوں پر 37 جبکہ راشد خان 8 گیندوں پر 22 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

پشاور زلمی کی جانب سے سلمان ارشاد نے 2 جبکہ عثمان قادر اور حسین طلعت نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

پشاور زلمی کی اننگز

لاہور قلندرز کے 200 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پشاور زلمی کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں پر 170رنز بناسکی —فوٹو:لاہور قلنررز
لاہور قلندرز کے 200 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پشاور زلمی کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں پر 170رنز بناسکی —فوٹو:لاہور قلنررز

200 رنز کے ہدف کے تعاقب میں زلمی کا آغاز اچھا نہ رہا اور اوپنر حضرت اللہ ززئی صفر پر ہی آؤٹ ہوگئے۔

تاہم کامران اکمل اور حسین طلعت کے درمیان 62 رنز کی شراکت داری قائم ہوئی لیکن وہ بھی میچ کو قریب نہ لے جا سکی، حسین طلعت 15 رنز بناکر پویلین لوٹے جبکہ کامران 41 رنز بناسکے۔

زلمی کو چوتھا نقصان تجربہ کار بیٹر شعیب ملک کی صورت میں اٹھانا پڑا ، وہ صرف 7 رنز بناکر ٹیم کا ساتھ چھوڑ گئے۔

تاہم اختتامی اوورز میں حیدر علی نے مزاحمت کی لیکن وہ بھی اپنی ٹیم کو کامیابی نہ دلواسکے۔انہوں نے 49رنز کی اننگز کھیلی۔

اس کے علاوہ  رتھر فورڈ 21 اور بین کٹنگ 10رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ 

لاہور کی جانب سے زمان خان نے 3 جبکہ شاہین آفریدی اور ڈیوڈ ویزے نے 2،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

ملتان سلطانز مسلسل 4 میچز میں کامیابیاں سمیٹنے کے بعد ٹاپ پر ہے جبکہ 3 میچز میں سے 2 میں کامیابی حاصل کرنے والی لاہور قلندرز کی ٹیم دوسرے نمبر پر ہے۔ —فوٹو: اسکرین شاٹ
ملتان سلطانز مسلسل 4 میچز میں کامیابیاں سمیٹنے کے بعد ٹاپ پر ہے جبکہ 3 میچز میں سے 2 میں کامیابی حاصل کرنے والی لاہور قلندرز کی ٹیم دوسرے نمبر پر ہے۔ —فوٹو: اسکرین شاٹ

پوائنٹس ٹیبل کی بات کی جائے تو ملتان سلطانز مسلسل 4 میچز میں کامیابیاں سمیٹنے کے بعد ٹاپ پر ہے جبکہ 3 میچز میں سے 2 میں کامیابی حاصل کرنے والی لاہور قلندرز کی ٹیم دوسرے نمبر پر ہے۔

Advertisement

@geonews_sport