14 فروری ، 2023
ایچ بی ایل پی ایس ایل 8کے افتتاحی میچ میں دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد ملتان سلطانز کو ایک رنز سے شکست دے دی۔
176 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ملتان سلطانز کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں پر 174 رنز بناسکی، کپتان محمد رضوان 75 رنز بناکر نمایاں رہے۔
ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پہلے میچ میں لاہور کی جانب سے دیے گئے ہدف کے تعاقب میں محمد رضوان اور شان مسعود نے اننگز کا آغاز کیا لیکن شان مسعود 100 کے مجموعے پر 35 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔
دوسری جانب محمد رضوان نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے اپنی ففٹی مکمل کی لیکن پھر وہ 75 رنز بنا کر شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر بولڈ ہوئے۔
رضوان کے آؤٹ ہونے کے بعد ڈیوڈ ملر 20 گیندوں پر 25 رنز بناکر پویلین لوٹے جبکہ پولارڈ بھی 12 گیندوں پر 20 رنز بناکر ٹیم کا ساتھ چھوڑ گئے تاہم میچ کے اختتامی مراحل میں خوشدل شاہ نے کچھ مزاحمت کی ۔
ہدف کے تعاقب میں ملتان سلطانز کو آخری اوور میں 15 جبکہ آخری گیند پر 6 رنز درکار تھے، خوشدل شاہ نے زمان خان کی گیند پر شاٹ مارا لیکن وہ چوکا ہوگیا، یوں قلندرز نے سلطانز کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد ایک رنز سے شکست دے کر ٹورنامنٹ میں فاتحانہ آغاز کردیا۔
لاہور قلندرز کی جانب سے شاہین، حارث، زمان اورحسین طلعت نے ایک ، ایک وکٹ حاصل کی۔
قبل ازیں لاہور قلندرز نے 6 وکٹوں پر 175 رنز بنائے تھے۔
لاہور قلندرز کی جانب سے فخر زمان اور طاہر بیگ نے اننگز کا آغاز کیا لیکن 61 کے مجموعی اسکور پر طاہر بیگ 32 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔
فخر زمان نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹورنامنٹ کی پہلی ففٹی اسکور کی اور وہ 66 رنز بنا کر اسامہ میر کا شکار بنے جبکہ شائی ہوپ 19 اور کامران غلام 3 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
حسین طلعت 20 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ سکندر رضا 19 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ لاہور کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 175 رنز بنا سکی۔
ملتان سلطانز کی جانب سے اسامہ میر اور احسان اللہ نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ ایک ایک وکٹ عقیل حسین اور شاہنواز دھانی کے حصے میں آئی۔
قبل ازیں ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان نے ٹاس جیت کر بولنگ کا فیصلہ کیا تھا۔
ملتان سلطانز کی ٹیم میں محمد رضوان کے علاوہ شان مسعود، عثمان خان، ڈیوڈ ملر، کیرون پولارڈ، خوشدل شاہ، عقیل حسین، اسامہ میر، ثمین گل، شاہنواز دھانی اور احسان اللہ شامل ہیں۔
لاہور قلندرز کی ٹیم کی قیادت شاہین شاہ آفریدی کر رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں فخر زمان، طاہر بیگ، شائی ہوپ، کامران غلام، حسین طلعت، سکندر رضا، لیام ڈاؤسن، ڈیوڈ ویسے، حارث رؤف اور زمان خان شامل ہیں۔
ٹیم | میچ | پوائنٹ |
---|---|---|
لاہور قلندرز | 10 | 14 |
ملتان سلطان | 10 | 12 |
اسلام آباد یونائیٹڈ | 10 | 12 |
پشاور زلمی | 10 | 10 |
کراچی کنگز | 10 | 6 |
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز | 10 | 6 |