21 فروری ، 2023
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) ٹیم اسلام آباد یونائیٹڈ کے فاسٹ بولر رومان رئیس کا کہنا ہے کہ اسلام آباد کی فرنچائز نے جس طرح میرا ساتھ دیا اور اعتماد کیا اس بار میری کوشش ہوگی کہ میں اپنی کارکردگی سے اس کا حق ادا کروں۔
جیو نیوز کو خصوصی انٹرویو میں رومان رئیس نے کہا کہ اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم اچھی فارم میں ہے، پلیئرز تیسری بار پاکستان سپر لیگ کی ٹرافی جیتنے کیلئے پر اعتماد ہیں۔
رومان رئیس ابتداء سے اسلام آباد یونائیٹڈ کا حصہ رہے ہیں، جب وہ انجرڈ بھی ہوئے تو اسلام آباد کی ٹیم نے انہیں ڈگ آؤٹ میں بطور بولنگ کنسلٹنٹ رکھا تاکہ کرکٹ سے دور نہ ہوں، گو کہ 2022 میں رومان رئیس ملتان سلطانز کا حصہ رہے تھے لیکن اس سال ایک بار پھر وہ اسلام آباد کا حصہ بنے ہیں۔
جیو نیوز سے گفتگو میں رومان رئیس نے کہا کہ جب وہ پِک ہوئے تو ان کے ذہن میں ایک بات یہ تھی کہ جس طرح اسلام آباد یونائیٹڈ نے سپورٹ کیا اس بار وقت ہے کہ وہ اس کا قرض چکائیں۔
انہوں نے کہا کہ جب ایک فرنچائز کسی پلیئر کو اس طرح سپورٹ کرتی ہے تو اس کا اعتماد بھی بلند ہوتا ہے اور ٹیم کیلئے کچھ کردکھانے کا جذبہ بھی بڑھتا ہے۔
31 سالہ رومان رئیس کا کہنا تھا کہ وہ ایک بار پھر بھرپور کرکٹ کھیل کر انجوائے کررہے ہیں، انجری کی وجہ سے ڈومیسٹک کرکٹ کو مس کیا لیکن اب کافی بہتر محسوس کررہے ہیں اور کوشش ہے کہ ہر میچ میں ٹیم کیلئے بہتر پرفارمنس دیں، بولنگ اچھی ہورہی ہے ، کوشش ہے کہ اس سلسلے کو جاری رکھیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل میں آغاز اچھا ہوا ہے، کوشش کریں گے کہ اس سلسلے کو جاری رکھیں اور پرفارمنس کو ہر میچ میں پہلے سے بہتر کریں۔
انہوں نے کہا کہ ان کی کوشش ہوتی ہے کہ اپنی بیسک بولنگ کریں، جب نئے گیند سے بولنگ کراتے ہیں تو کوشش ہوتی ہے کہ وکٹوں کے بیچ میں ایریا کو ٹارگٹ کریں اور ڈیتھ اوورز میں کوشش ہوتی ہے کہ سلوو گیند اور یارکرز کرائیں۔
رومان رئیس نے کہا کہ اسلام آباد یونائیٹڈ کا ماحول اس وقت کافی اچھا ہے، اچھی بری پرفارمنس تو ہوتی رہتی ہے اہم بات یہ ہے کہ ٹیم کا ماحول نہ خراب ہو، اس وقت ہر کسی کی سوچ مثبت ہے اور ٹیم تیسری مرتبہ ٹائٹل جیتنے کیلئے پرامید ہے۔
رومان رئیس کا کہنا تھا کہ وہ زیادہ دور کا نہیں سوچ رہے، پلاننگ ہر میچ اور ہر گیند کے مطابق کرتے ہیں، کوشش ہوتی ہے کہ ہر میچ میں ہر گیند سوچ سمجھ کر کرائیں اور اپنی صلاحیتوں کا بہترین استعمال کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہر پلیئر کیلئے اہم ہے کہ اپنی صلاحیتوں کو ٹھیک انداز میں عمل میں لائیں اور اگر ایسا نہیں ہو پا رہا تو پلیئر خود کو دیکھے کہ وہ کہاں غلطیاں کر رہا ہے۔
اپنی وکٹ سیلیبریشن کے بارے میں رومان رئیس کا کہنا تھا کہ وہ عام طور پر کافی ٹھنڈے مزاج کے حامل شخص ہیں اور فیلڈ میں بھی ایسا رویہ رکھتے ہیں کیوں کہ اگر انسان تحمل مزاج رہے گا تو اس کیلئے فیصلہ کرنا آسان ہوجاتا ہے۔
ٹیم | میچ | پوائنٹ |
---|---|---|
لاہور قلندرز | 10 | 14 |
ملتان سلطان | 10 | 12 |
اسلام آباد یونائیٹڈ | 10 | 12 |
پشاور زلمی | 10 | 10 |
کراچی کنگز | 10 | 6 |
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز | 10 | 6 |