Advertisement

کھیل
time icon 07 مارچ ، 2023

اسلام آباد نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد ملتان کو 2 وکٹوں سے شکست دے دی

شان مسعود 75 اور ٹم ڈیوڈ نے 60 رنز بنا کر نمایاں رہے— فوٹو: پی ایس ایل
شان مسعود 75 اور ٹم ڈیوڈ نے 60 رنز بنا کر نمایاں رہے— فوٹو: پی ایس ایل

ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 24 ویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد ملتان سلطانز کو 2 وکٹوں سے شکست دے دی۔

ملتان سلطانز  کا 206 رنز کا ہدف اسلام آباد یونائیٹڈ نے 8 وکٹوں کے نقصان پر  آخری اوور میں حاصل کیا۔

راولپنڈی میں کھیلے گئے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے ٹاس جیت کر ملتان کو بیٹنگ کی دعوت دی۔

ملتان سلطانز کی اننگز

ملتان سلطانز کی جانب سے اننگز کا آغاز مستحکم رہا اور 57 کے مجموعی اسکور پر محمد رضوان 33 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔

روسو 15 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔ شان مسعود اور ٹم ڈیوڈ کی شاندار بیٹنگ کے بدولت ملتان کی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 205 رنز بنائے۔

شان مسعود 75 اور ٹم ڈیوڈ نے 60 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

اسلام آباد کی جانب سے شاداب خان اور محمد وسیم  نے 2، 2 جبکہ فہیم اشرف نے ایک وکٹ حاصل کی۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی اننگز

ملتان کے 206 رنز کے ہدف کے تعاقب میں اسلام آباد کی اننگز کا آغاز مایوس کن رہا اور ابتدا میں ہی الیکس ہیلز ایک رن بنا کر آؤٹ ہوئے، اس کے بعد رحمان اللہ گرباز 25 اور منرو 40 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

اعظم خان بھی 3 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے، کپتان شاداب نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کی تاہم وہ بھی 44 رنز پر بولڈ ہوگئے۔

آصف علی بھی 8، مبشر خان 5 اور محمد وسیم 16 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ فہیم اشرف نے ملتان کے بولرز کے خلاف مزاحمت جاری رکھی اور آخری اوور میں ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا۔

فہیم اشرف کی 51 رنز کی ناقابل شکست اننگز کی بدولت اسلام آباد یونائیٹڈ نے آخری اوور کی 5 ویں گیند پر 8 وکٹوں کے نقصان پر ہدف حاصل کرلیا اور یوں 2 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی۔

ملتان کے انور علی نے 3، احسان اللہ اور اسامہ میر نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

فہیم اشرف کو شاندار بیٹنگ پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔

Advertisement

@geonews_sport